Live Updates

اس میں کوئی حیرت نہیں کہ ٹرمپ پاک بھارت مسائل مینج کرنا چاہتے ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

امریکی صدر اپنے دور میں مسئلہ کشمیر کو حل کرسکیں گے، ٹرمپ وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے ایسے لوگوں کو میز پر لا بٹھایا اور بات چیت ممکن بنائی جن کے بارے میں لوگ تصور بھی نہیں کرسکتے تھے کہ ایسا ممکن ہوگا، ٹیمی بروس کی پریس بریفنگ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 11 جون 2025 10:34

اس میں کوئی حیرت نہیں کہ ٹرمپ پاک بھارت مسائل مینج کرنا چاہتے ہیں، ترجمان ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جون 2025)ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس کاکہنا ہے کہ اس میں کوئی حیرت نہیں کہ ٹرمپ پاک بھارت مسائل مینج کرنا چاہتے ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے دور میں مسئلہ کشمیر کو حل کرسکیں گے، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد کے دورہ امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ کے اہلکاروں سے ملاقاتوں پر امریکی محکمہ خارجہ کا ردعمل سامنے آ گیا۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ذہن میں کیا ہے وہ اس پر بات نہیں کرسکتی تاہم صدر ٹرمپ کا ہر قدم نسلوں کے درمیان جنگ، اختلافات ختم کرنے سے متعلق ہے۔ٹیمی بروس نے تصدیق کی کہ پاکستانی وفد نے امریکہ کی انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور ایلیسن ہوکر سے ملاقات کی جس میں ایلیسن ہوکر نے پاک بھارت جنگ بندی سے متعلق امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

ایلیسن ہوکر نے پاک بھارت جنگ بندی سے متعلق امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔ٹیمی بروس نے کہا کہ صدر ٹرمپ وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے ایسے لوگوں کو میز پر لا بٹھایا اور بات چیت ممکن بنائی جن کے بارے میں لوگ تصور بھی نہیں کرسکتے تھے کہ ایسا ممکن ہوگا۔ یہ دلچسپ لمحہ ہے کہ ہم اس تنازعہ سے متعلق کسی نکتہ پر پہنچ سکیں۔ اس ضمن میں صدر ٹرمپ، نائب صدر اور وزیر خارجہ کا شکر گزار ہونا چاہیے۔

یہ بہت ہی ولولہ انگیز لمحہ ہے۔ ہر روز ہم کوئی نئی پیشرفت کرتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے دور میں اس مسئلہ کو حل کرسکیں گے۔ٹیمی بروس نے اس بات پر خدا کا شکر ادا کیا کہ بھارت اور پاکستان جیسے ممالک کے درمیان جنگ بندی جاری ہے اور بتایا کہ ایلیسن ہوکر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی جن میں انسداد دہشتگردی تعاون شامل تھا۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد سے دہشتگردی کیخلاف تعاون، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی کی جانب سےپوچھے گئے اس سوال پر کہ آیا پاکستان نے امریکہ کو کسی قسم کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے گا۔ ٹیمی بروس نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ وہ پاکستانی وفد اور محکمہ خارجہ کے اہلکاروں کے درمیان ہوئی بات چیت کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کریں گی۔ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ صدرٹرمپ کے دورمیں سرحدوں کو مضبوط بنایاجائے گا۔ امریکہ کو جرائم پیشہ افراد اور غیرقانونی تارکین وطن سے صاف کرنا ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات