Live Updates

پاکستان کے اعلیٰ سطحی سفارتی وفد نے بھارت کا مکروہ ،گھنائونا چہرہ سب کے سامنے عیاں کردیا ہے، سردارعتیق احمد

بدھ 11 جون 2025 21:02

مظفرآباد/دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ پاکستان کے اعلیٰ سطحی سفارتی وفد نے بھارت کا مکروہ اور گھنائونا چہرہ سب کے سامنے عیاں کردیا ہے۔ کم ظرف دشمن نے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایابھارت دیگر ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے، اور دنیا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کا ملوث ہونا ثابت ہوچکاہے۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد نے بھارت کے حملوں سے شہریوں کی اموات اور مودی حکومت کی آبی جارحیت سے آگاہ کرکے اس کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھایا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد سے بھارت کا اشتعال انگیز رویہ انتہائی افسوسناک ہے، پاکستان نے نہ صرف واقعے پر تشویش کا اظہار کیا بلکہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ تحقیقات کا بھی کہا۔

(جاری ہے)

بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی سفارتی وفد نے بہترین کاوشیں کی ہیںاور دنیا کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کرنے کے لئے بھرپور اور واضح موقف پیش کیا ہے۔ پاکستان کے دفاع کی خاطر پوری کشمیری قوم بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں بھارتی میڈیا نے جنگی جنون کو ہوا دی جب کہ پاکستانی وفد نے دنیا کو حقائق سے آگاہ کیا ہے۔

واشنگٹن، نیویارک، لندن اور اب برسلز کے دوروں سے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش ہوا ۔جس پہلگام حملے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزام عائد کیا گیا، اس کا آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ پاکستان نے اس حملے کی واضح مذمت کی اور افسوس کا اظہار بھی کیا، لیکن اس کے باوجود بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے الزامات عائد کیے۔پاکستان کا مؤقف کسی کمزوری پر مبنی نہیں بلکہ مکمل طور پر حقائق پر مبنی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو خطے میں قیام امن کے لیے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ جنوبی ایشیا میں جنگ نہیں، مکالمے اور تعاون کی ضرورت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات