Live Updates

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چوٹہ بازار قتل عام کی برسی

بدھ 11 جون 2025 21:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں34سال قبل بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چوٹہ بازار قتل عام کی تلخ یادیں آج بھی کشمیریوں کے دل ودماغ میں تازہ ہیں۔بدھ کو کشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے قتل عام کی 34ویں برسی پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے 1991میں آج ہی کے دن بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 32بے گناہ شہریوں کو شہیداور 22دیگر کوزخمی کیا تھا۔

فورسز اہلکاروں نے سرینگر کے گنجان آباد علاقے میں سید منصور کے کیمپ سے چوٹہ بازار تک اپنے خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ گولیاں دکانداروں اور راہگیروں کو لگیں جن میں ایک 75سالہ خاتون اور ایک 10سالہ بچہ بھی شامل تھا۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے لوگوں کی بڑی تعدا د نے نے مزار شہدا سرینگر میں حاضری دی اور شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔

انہوں نے عالمی ادارے سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلوانے میں اپناکردار ادا کرے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دے رکھی ہے۔بھارتی فوجیوں نے ضلع سانبہ کے علاقے سدیالی میں بڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائی شروع کی اوراس دوران فضائی نگرانی کے لیے ڈرونز کااستعمال کیا کیا۔ حکام نے دعوی کیا کہ مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاعات ملنے کے بعد علاقے میں فوجی آپریشن شروع کیا گیا۔

ادھر بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس نے سانبہ اور دیگر سرحدی علاقوں میںنام نہاد ولیج ڈیفنس گارڈز کے لیے جنگی بنیادوں پر ہتھیاروں کی تربیت کا خصوصی پروگرام شروع کیا ہے۔ تربیتی پروگرام کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کے قریب منعقد کئے جارہے ہیں جس میں آزادی پسند کشمیریوں کی شناخت اور ان کو نشانہ بنا نے پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے ، ماضی میں ولیج ڈیفنس کمیٹیاں بھی یہی کام کرتی رہی ہیں۔ وی ڈی جیز میں زیادہ تر آر ایس ایس جیسی ہندو انتہاپسند تنظیموں کے کارکن شامل ہیں جنہیں آتشیں اسلحے کے استعمال اور نگرانی کے طریقہ کار کی تربیت دی جا رہی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات