Live Updates

فلسطینی عوام کو برادر ملک پاکستان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں،الشیخ مامون اسعد التمیمی

آپریشن "بنیان المرصوص" میں شاندار کامیابی کو فلسطینی اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، غزہ اور کشمیر کا مسئلہ یکساں نوعیت کا ہے ، رکن فلسطین قومی اسمبلی اسرائیل کے محاصرے کی وجہ سے غذائی اشیا و ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہیصورتحال رہی تو ایک سال میں بیس لاکھ فلسطینی قحط کا شکار ہو سکتے ہیں، عالمی برادری امریکی سفارتخانوں کے سامنے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرے ، پریس کلب میں خطاب

بدھ 11 جون 2025 20:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) فلسطین کی قومی اسمبلی کے رکن الشیخ مامون اسعد التمیمی نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور میٹ دی پریس پروگرام میں شرکت کی۔ ان کے استقبال کے لیے صدر این پی سی اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، گورننگ باڈی کے اراکین عامر رفیق بٹ، نوید احمد شیخ سمیت دیگر ارکان موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ مامون اسعد التمیمی نے کہا کہ فلسطینی عوام کو برادر ملک پاکستان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو آپریشن "بنیان المرصوص" میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ فلسطینی اس کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی حالیہ لڑائی نے دنیا کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے، اور واضح کر دیا ہے کہ غزہ اور کشمیر کا مسئلہ یکساں نوعیت کا ہے۔

(جاری ہے)

الشیخ التمیمی نے کہا کہ عرب ممالک کے حکمران امریکہ کو کھربوں ڈالر دینے کے باوجود اسرائیلی مظالم کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی اور نیتن یاہو کو پاکستان کی ایٹمی حیثیت کھٹکتی ہے، اسی لیے اسرائیل کی ایما پر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، لیکن پاکستان نے بروقت اور بھرپور جواب دے کر دشمنوں کو حیران کر دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن عناصر پاکستانی عوام کے دلوں میں پاک فوج اور سیاسی قیادت کے خلاف نفرت اور نفاق پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن عوام کو ہوشمندی سے کام لیتے ہوئے اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہوگا۔غزہ کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے محاصرے اور مصر کی شراکت کی وجہ سے غذائی اشیا و ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، اور اگر یہی صورتحال رہی تو ایک سال میں بیس لاکھ فلسطینی قحط کا شکار ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری بالخصوص امن پسند اقوام سے اپیل کی کہ وہ امریکی سفارتخانوں کے سامنے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کریں۔آخر میں انہوں نے نیشنل پریس کلب کی دعوت اور شاندار استقبال پر این پی سی کے صدر، سیکرٹری اور دیگر اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ صدر این پی سی اظہر جتوئی نے اس موقع پر کہا کہ غزہ کے مظلوموں کے لیے سب سے پہلی آواز نیشنل پریس کلب نے ہی بلند کی تھی، جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد صحافیوں کو اس حوالے سے اعزازات دیے جا چکے ہیں۔

سیکرٹری نیئر علی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور صحافی برادری غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حق میں ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے الشیخ مامون التمیمی کو آئندہ بھی پریس کلب آنے کی دعوت دی، جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات