Live Updates

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 13 جون 2025 00:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے زور دیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی ضرورت ہے، انہوں نے علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے خطرہ بننے والے غیر ذمہ دارانہ ریاستی رویے کو روکنے کے لیے عالمی اتفاق رائے پر زور دیا۔

جمعرات کو سفارتخانہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے برسلز کے ایگمونٹ انسٹیٹیوٹ میں گول میز کانفرنس میں شرکت کی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی ایشیا میں ابھرتے ہوئے سٹریٹجک توازن کا ایک بھرپور جائزہ پیش کیا، جس میں نظر ثانی کے عزائم کے ساتھ بڑھتی ہوئی جارحانہ طاقت کے سامنے خطے کی بڑھتی ہوئی کمزوری کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بے بنیاد الزامات پر مبنی فوجی اشتعال انگیزی کی حالیہ کارروائیوں، سویلین اہداف پر بلا اشتعال حملے، اور بین الاقوامی قانون کی پریشان کن نظر اندازی، یکطرفہ اور جبر کے ذریعے علاقائی نظم کو نئی شکل دینے کی کوششوں پر تنبیہ کی۔وفد نے پانی کو ہتھیار بنانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کرنے کے اقدام کی مذمت کی۔

انہوں نے زور دیا کہ یہ قدم پورے خطے میں ماحولیاتی نظام اور معاش کو خطرے میں ڈالتا ہے، اور دنیا کے سب سے کامیاب پانی کی تقسیم کے فریم ورک میں سے ایک کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ قدرتی وسائل کو استعمال کرنا ایک خطرناک مثال قائم کرتا ہے اور بین الاقوامی تعاون کے اصولوں کو ختم کرتا ہے۔

امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، وفد نے علاقائی استحکام، تعمیری مذاکرات اور کثیرالجہتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی ضرورت ہے، انہوں نے علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے خطرہ بننے والے غیر زمہ دارانہ ریاستی رویے کو روکنے کے لیے عالمی اتفاق رائے پر زور دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات