Live Updates

دفعہ 370کی منسوخی کے بعد علاقے میں حالات معمول پر آنے کا بھارتی بیانیہ محض افسانہ ہے، میر واعظ عمر فاروق

جمعہ 13 جون 2025 17:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد علاقے میں حالات معمول پر آنے کا بھارتی بیانیہ محض ایک افسانہ ہے اور حقیقت یہ ہے کہ کشمیریوں کے خلاف جابرانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے کشمیری مسلمانو ں کو گزشتہ سات برس سے جامع مسجد اور عید گاہ سرینگر میں عیدین کی نماز ادا کرنے سے روک رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہیے کہ کشمیری مسلمانوں کو ایک دینی فریضے کی ادائیگی سے کیوں روکا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے علاقے میں قائم نیشنل کانفرنس کی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب حکومت بھی لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو دن بہ دن مزید دیوار کیساتھ لگایا جا رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ میر واعظ نے مزید کہا کہ عید پر جامع مسجد اور عید گاہ دونوں جگہوں کو بند کر دیا گیا تھا اور مجھے بھی گھر میں نظر بند کیاگیا ۔

انہوںنے کہا کہ نماز جمعہ کا یہ اجتماع ان تمام جابرانہ اقدام کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی منتخب حکومت اس بات کے پیچھے ہرگز نہیں چھپ سکتی کہ اسکے پاس محدود اختیارات ہیں۔ میر واعظ نے اس موقع پر ایران پر اسرائیلی حملے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست بیگناہ فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے اور اب اس نے پورے مشرق وسطی کے امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی اور دیگر ملکوں کو نشانہ بنانے سے روکے۔ انہوںنے احمد آباد میں جہاز حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات