Live Updates

پنجاب اسمبلی میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ منظور

او آئی سی ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری اجلاس طلب کریں ،سفارتی ذرائع سے اسرائیلی دہشتگردی کو روکا جائے‘ مطالبہ میرے ساتھ نہ بیگاڑیں ،میرے ساتھ اچھا رہیں،‘ایوان میں نعرے بازی پر سپیکر کی اپوزیشن کو سخت تنبیہ غلط بیانی پر سپیکر پارلیمانی سیکرٹری برائے انرجی پربرس پڑے، اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر پیر کی صبح تک ملتوی کر دیاگیا

جمعہ 13 جون 2025 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) پنجاب اسمبلی کے ایوان نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد متفقہ طو رپر منظور کر لی ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 55 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اپوزیشن گزشتہ روز بھی نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان میں داخل ہوئی۔ایوان میں شور شرابہ کرنے پر سپیکر نے اپوزیشن اراکین کو سخت تنبیہ کرتے کہا کہ میرے ساتھ نہ بیگاڑیں میرے ساتھ اچھا رہیں،کسی کو میرے متعلق پتہ ہو یا نہ ہو سردار محمد علی کو پتہ ہے،سپیکر کی تنبیہ کے بعد اپوزیشن اراکین نعرے بازی بند کرکے اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان پارلیمانی سیکرٹری برائے انرجی منصور اعظم پران کی غلط بیانی پر برس پڑے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ سی ایس آر کے فنڈز کمیٹی کے ذریعے خرچ کئے جاتے ہیں جس کے ممبر ارکان پنجاب اسمبلی ہوتے ہیں،سی ایس آر کمیٹی میں ڈسٹرکٹ کمیٹی بھی کام کرتی ہے۔جس پر سپیکر نے کہا کہ جو ممبران سی ایس آر کمیٹی کا حصہ ہیں وہ ہاتھ کھڑا کریں جس پر ایوان میں کسی ایک نے بھی ہاتھ کھڑا نہ کیا ۔

اپوزیشن رکن اسمبلی محمد اقبال نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری درست بات نہیں کررہے کوئی ممبر سی ایس آر کمیٹی کا ممبر نہیں ۔جس پر سپیکر نے پارلیمانی سیکرٹری سے کہا کہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں،آپ پہلے سی ایس آر میں ممبران اسمبلی کی شمولیت پر مشتمل نوٹیفکیشن لائیںاوراس کے ساتھ ہی سپیکر نے اجلاس پانچ منٹ کیلئے ملتوی کردیا۔ دوبارہ اجلاس شروع ہونے پر پارلیمانی سیکرٹری نے اعتراف کیا کہ ممبران اسمبلی پر مشتمل نوٹیفکیشن نہیں ہے،2021میں جو نوٹیفکیشن ہوا تھا اس کے مطابق رپورٹ جمع کرائوں گا ،اس میں ناظم ،صوبائی و وفاقی ممبران اسمبلی ہوتے ہیں،ماڑی پیٹرولیم کمپنی پیٹرولیم پالیسی 2012 کے سی ایس آر کے تحت پروڈکشن بونس اور رائلٹی کی مد میں فنڈز جمع کروانے کی پابند ہیں، ماڑی پیٹرولیم کمپنی نے ہیلانی بلاک ضلع میانوالی کے تحت سال 2020 سے نومبر 2024 تک ضلعی انتظامیہ کو سی ایس آر کی مد میں 26.551ملین روپے ادا کئے جس میں سے 21.680 ملین روپے مختلف سکیموں پر خرچ کئے گئے۔

جس پر سپیکر نے پارلیمانی سیکرٹری سے کہا کہ آپ کے پاس وزارت پیٹرولیم کا نوٹیفیکیشن ہوناچاہیے،محکمہ سی ایس آر کے پیسے یونین کونسل پر خرچ ہوں تو اس کااختیار ڈپٹی کمشنر کے پاس ہے،سی ایس آر میں کمیٹی کے لئے عوامی نمائندوں کی شرکت کے بغیر نوٹیفکیشن نہیں ہوسکتا،کارپوریٹ، سوشل رسپانسبیلیٹی کی جو کمیٹی بنائی جاتی ہے تو اگر معاملہ ڈپٹی کمشنر کی صوابدید پر چھوڑدیا جائے تو مقصد ختم ہوجاتا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،قرارداد وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایوان میں پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے شمالی و وسطی علاقوں پر درجنوں حملے کیے گئے، پنجاب اسمبلی کا ایوان ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، حملوں میں ایران کے اہم جوہری اور عسکری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

ان حملوں میں ایرانی افواج کے اعلی افسران جن میں میجر جنرل محمد باقری، میجر حسین سلامی اور چھ جوہری سائنسدان شامل تھے شہید ہوئے اس کے علاوہ عام شہری بھی شہید ہوئے ۔قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل خطے میں اپنی بربریت جاری رکھے ہوئے ہے اور مسلسل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ اس سے پہلے مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم، بچوں اور خواتین کی شہادتوں کی المناک داستانیں دنیا کے سامنے ہیں۔

متن میں کہا گیا کہ اسرائیل کا حالیہ اقدام عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور دنیا کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ دنیا جس طرح پاک بھارت کشیدگی کے دوران ثالثی کردار ادا کرتی رہی ہے، اسی طرح اسرائیل کو بھی روکنے کے لیے موثر اقدام کیا جائے۔قرارداد میں او آئی سی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری اجلاس طلب کریں اور سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی دہشتگردی کو روکا جائے۔

پنجاب اسمبلی نے ایرانی افواج اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ۔پارلیمانی سیکرٹری نے حکومتی رکن عمران جاوید کی درخواست پر گیس کی صلاحیت بڑھنے پر گیس مقامی کمیونٹی کو دینے کی حامی بھر لی۔ عمران جاوید نے کہا کہ گوالے گوبر اٹھاکر محکمے کو دیتے ہیں تاکہ گیس دی جائے،ابھی تک مقامی کمیونٹی کو گوبر کے بدلے گیس نہیںدی جارہی کم از کم بیس سے تیس فیصد تو گیس دیںجس پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ایک وہیکل کمپنی بائیو گیس پر گاڑیاں چلانے کا کامیاب تجربہ کر چکی ہے جسے آگے بڑھائیں گے، ہمارا محکمہ بائیو فرٹیلائزر پلانٹ لگا نے جا رہا ہے،جیسے ہی بائیو گیس کی صلاحیت بڑھے گی ویسے ہی مقامی کمیونٹی کو گیس فراہم کر دیں گے۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن رکن سردار محمد علی خان اور حکومتی رکن رانا محمد ارشد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ، اس دوران اپوزیشن ارکان ڈیسک بجاکر شور کرتے رہے۔سردار محمد علی خان نے کہا کہ بہت سی قراردادیں تو ایوان میں آ رہی ہیں لیکن گندم کی امدادی قیمت پر میری قرارداد منظور نہیں کی جا رہی،پنجاب کا کسان گندم کی امدادی قیمت نہ ملنے پر برباد ہوگیا ہے۔

جس پر رانا ارشد نے کہا کہ پی ٹی آئی والے غیر ملکی ایجنٹ ہیں ابھی اسرائیل کے خلاف قرارداد منظور ہوئی جس پر انہیں تکلیف ہے۔پنجاب اسمبلی میں غیر موثر شجر کاری کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، قرارداد حکومتی رکن منصب علی ڈوگر نے پیش کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے ماحولیاتی آلودگی تمام حدیںپار کر چکی ہے، موسم سرما میں سموگ سے روز مرہ زندگی متاثر ہوتی ہے، ہرسال شجر کاری مہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کا موثر طریقہ ہو سکتی ہے، صوبہ بھر کی فزیبیلٹی رپورٹ تیار کی جائے زمین اور موسم کے مطابق شجر کی جائے، سفیدے کے درخت جو قومی شاہراہ پر لگا دئیے گئے ہیں جو موسم و ماحول سے مطابقت نہیں رکھتے اس کی شجر کاری ممنوعہ قرار دی جائے، ماحول دوست شجرکاری کیلئے زمیندار کو درخت لگانے کیلئے فنڈز دئیے جائیں اور جولائی 2025 میں شجرکاری ایمرجنسی لگائی جائے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پرپیر16جون کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات