Live Updates

اسرائیل کی جارحیت ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل

جمعہ 13 جون 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے،مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے برادر ہمسایہ ملک ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کیلئے کھڑا ہے،ایران کی فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ ایسی کھلی جارحیت پورے خطے کو غیرمستحکم بنائیگی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالے گی۔ ایران میں پاکستانی زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے فوری اقدام کو سراہتے ہوئے گورنر مندوخیل نے کہا کہ ان کی محفوظ واپسی کیلئے تمام ضروری وسائل کو متحرک کیا جائے۔

(جاری ہے)

گورنر مندوخیل نے اس بات پر زور دیا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی اور اقوام متحدہ کشیدگی کو روکنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔ گورنر مندوخیل نے اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کے اقدامات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں،مستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ کو ملکی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے احترام کو یقینی بنانا چاہیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات