اسرائیلی حملہ عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ایران کو دفاع کا پورا حق حاصل ہے، پاکستان کا مؤقف

سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنا چاہیئے تاکہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے؛ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 08:05

اسرائیلی حملہ عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ایران کو دفاع کا پورا حق ..
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) پاکستان نے ایران اسرائیل کشیدگی پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ایران کو دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کاحق حاصل ہے کیوں کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی خودمختاری کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ بن سکتے ہیں، اس کے علاوہ اسرائیل نے غزہ میں نہتے شہریوں اور معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، عالمی برادری کو اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے ہوں گے، سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے اقوام متحدہ میں روسی مندوب نے کہا کہ اسرائیل کے حالیہ جارحانہ اقدامات مشرق وسطیٰ کو جوہری تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں جو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے، ایران پر اسرائیل کا بلا اشتعال حملہ اقوام متحدہ کے چارٹراورعالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، مغربی ممالک کی غیر متوازن پالیسیاں ایرانی جوہری مسئلے پر بحران کو مزید گمبھیر بنا رہی ہیں، ایرانی جوہری تنازع کا واحد حل سیاسی و سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے اور عالمی برادری کو تحمل اورذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔