Live Updates

ایران اسرائیل کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان اور بھارت کے درمیان بامقصد مذاکرات شروع نہ ہوئے تو خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے،پریس کانفرنس

ہفتہ 14 جون 2025 21:53

ایران اسرائیل کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، بلاول بھٹو زرداری
برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)بھارتی جارحیت پر پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھنے کیلئے مختلف ممالک کے دورے پر موجود پاکستانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کشیدگی عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی ایشیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان بامقصد مذاکرات شروع نہ کیے گئے تو خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں جب بھی بات چیت کا موقع آیا، بھارت نے یا تو اسے نظرانداز کیا یا راہ فرار اختیار کی۔ جنگ بندی محض ایک وقتی حل ہے، مستقل امن تبھی ممکن ہے جب فریقین کھلے دل سے بات چیت پر آمادہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے پانی روکنے کی دھمکی پاکستان کو اشتعال دلانے کی ایک خطرناک چال ہے، جو دونوں ممالک کو ایسی راہ پر ڈال سکتی ہے جہاں تیسری عالمی جنگ کا خدشہ پیدا ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ جامع اور بامقصد مذاکرات کا حامی رہا ہے، مگر بھارت کی طرف سے مسلسل انکار ہی کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔پہلگام حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے بھارت کو غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی اور زور دیا کہ ایسے واقعات کی شفاف جانچ پڑتال ہی دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کر سکتی ہے۔

عالمی تناظر میں بھی بلاول بھٹو نے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع نہ صرف مشرق وسطی بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس تصادم کو روکنے کے لیے فوری اور فعال کردار ادا کرے، کیونکہ دنیا مزید کسی بڑے تنازع کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات