Live Updates

ایران پر اسرائیلی حملہ، خطے کے امن و استحکام پر سنگین وار ہے، ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم

اسرائیل خطے کو نئی جنگ کی طرف دھکیلنے کی سازش کررہاہے ، مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ

ہفتہ 14 جون 2025 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کراچی کے مہتمم معروف مذہبی اسکالر ، ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم نے ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے کو بین الاقوامی قوانین اور علاقائی امن کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،انہوں نے گزشتہ روز جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں کہاکہ یہ حملہ کسی ایک ملک کی خودمختاری پر نہیں، بلکہ پورے مشرقِ وسطی کے امن، سلامتی اور استحکام پر کاری ضرب ہے، اسرائیل، جو پہلے ہی فلسطین، شام، لبنان اور یمن میں جنگی جرائم اور جارحیت کا مرتکب رہا ہے، اب خطے کو ایک نئی تباہ کن جنگ کی طرف دھکیلنے پر تلا ہوا ہے، انہوں نے کہاکہ ہم اس جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اقوامِ متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری مداخلت کرے اور اسرائیل کی اشتعال انگیزی کو روکے، اقوامِ متحدہ کا چارٹر ایران سمیت ہر ریاست کو اپنے دفاع کا حق دیتا ہے، اور حالیہ سلامتی کونسل اجلاس میں پاکستان کا جرات مندانہ مقف قابلِ تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وقت آ گیا ہے کہ مسلمان ممالک جذبات کی بجائے تدبر، بصیرت اور مشترکہ مفاد کی بنیاد پر متحد ہوں۔ جنگ کبھی کسی مسئلے کا حل نہیں بنی؛ یہ صرف تباہی، انسانی جانوں کے ضیاع اور نفرت کو جنم دیتی ہے۔ پائیدار حل صرف مذاکرات، سفارتکاری اور بین الاقوامی انصاف کے نظام میں ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکیں اور امن و استحکام کے قیام کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات