اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے،سعودی ولی عہد کا ایرانی صدر سے رابطہ

اتوار 15 جون 2025 09:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) سعودی ولی عہد ووزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کےصدر ڈاکٹر مسعود بزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ایس پی اےکے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں ولی عہد نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے مملکت کے مذمتی موقف کا اعادہ کیاا اور ان حملوں کو ایران کی خودمختاری اور سلامتی کو سبوتاژ کرنے، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے اس موقف کو دہرایا کہ اسرائیلی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بحران کے حل کےلیے جاری مذاکرات ، کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل تک پہنچنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی ہے۔ اس سے قبل سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر رابطے میں مشرق وسطیٰ میں سلامتی، امن اور استحکام کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا تھا۔