Live Updates

حکومتی نا اہلی ،بدانتظامی کے باعث شہر میں پٹرولیم مصنوعات کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے ،عالم خان کاکڑ

اتوار 15 جون 2025 19:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سابق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عالم خان کاکڑنے کہا ہے کہ حکومت کی نا اہلی اور بدانتظامی کے باعث شہر میں پٹرولیم مصنوعات کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے اور عوام لمبی لمبی قطاروں میں پٹرولیم مصنوعات خریدنے پرمجبور ہیں پاکستان تحریک انصاف بلوچستان صوبے میں پٹرولیم مصنوعات کامصنوعی بحران پیدا کرنے کی مذمت کرتی ہے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں عالم خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً کوئٹہ میں حالیہ پیٹرول بحران نے حکومتی نااہلی، بدانتظامی اور منظم جعلسازی کو بے نقاب کر دیا ہے ایران کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے بعد اچانک پورے صوبے میں پیٹرول کی قلت پیدا ہو جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی پٹرول پمپس پر طویل عرصے سے ایرانی تیل ہی بیچا جا رہا تھاہم حکومت کے اس دھوکہ دہی پر مبنی بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ایرانی تیل بند ہے اور تمام پمپس پر پاکستانی مصنوعات دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کشیدگی کے بعد جب تیل غائب ہو گیا تو سارا پول کھل گیا اس کا صاف مطلب ہے کہ ریاستی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے اس جعلسازی میں یا تو شریک رہے یا مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے تھے اب نہ صرف پیٹرول نایاب ہے بلکہ جو کچھ بیچا جا رہا ہے وہ اسپرٹ اور کیمیکل مکس جیسا خطرناک مواد ہے جس نے عوام کی گاڑیوں کے انجن تباہ کر دیئے ہیں ورکشاپس بھر گئی ہیں، لیکن کوئی جواب دہ نہیںہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود بھی اس جعلسازی کا نشانہ بنا ہوں میری ذاتی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا اور میں جانتا ہوں کہ یہ صرف ایک فرد کی کہانی نہیں بلکہ لاکھوں شہریوں کی تذلیل ہے یہ صرف جعلسازی نہیں بلکہ بدترین عوام دشمنی ہے ایک ایسا جرم جس پر خاموش رہنا ممکن نہیںہم مطالبہ کرتے ہے کہ فوری طور پہ تمام پٹرول پمپس پرپاکستانی تیل کی دستیابی فوری طور پر یقینی بنائی جائے جعلی تیل کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے چاہے وہ کسی بھی عہدے یا اثر و رسوخ کے حامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایندھن کے معیار پر سخت اور آزادانہ مانیٹرنگ کا نظام نافذ کیا جائے،ایرانی تیل کی آڑ میں ہونے والی ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور عوامی لوٹ مار میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جائے یہ صرف ایک بحران نہیں بلکہ ریاستی ناکامی، اخلاقی دیوالیہ پن اور عوام کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے ہم اس جعلسازی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ریاست نے فوری اور شفاف اقدامات نہ کیے تو عوام کا اضطراب شدید ردعمل میں بدل سکتا ہے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر مصنوعی بحران پیدا کرنا ظالمانہ کھیل ہے جسکی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات