Live Updates

سرائیکی جماعتوں کے زیر اہتمام اسرائیل مردہ باد ریلی کا انعقاد

اتوار 15 جون 2025 20:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) پاکستان سرائیکی پارٹی و دیگر سرائیکی جماعتوں کے زیر اہتمام اسرائیل مردہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو یہاں ہیڈ محمد والا روڈ پر پاکستان سرائیکی پارٹی کے مرکزی رہنما ملک جاوید چنڑ ایڈووکیٹ، ظہور دھریجہ، شریف خان لاشاری، مہر مظہر کات اور ملک اقبال نانڈلہ کی زیر قیادت اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی گئی۔

سرائیکی رہنماؤں نے غزہ کے بعد ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام مسلم ممالک ایک ہو جائیں اور اسرائیل کا صفحہ ہستی سے نام مٹا دیں۔سرائیکی رہنماؤں نے مزید کہا کہ پوری سرائیکی قوم ایران اور فلسطین کے ساتھ ہے،یہ وقت ہے کہ او آئی سی کانفرنس بلا کر اسرائیل اور امریکا کو دو ٹوک پیغام دیا جائے کہ اگر اسرائیلی جارحیت نہ رکی تو ان کے ساتھ تعلقات منقطع کئے جائیں گے اور اگر جو مسلم ممالک او آئی سی کانفرنس میں نہ آئیں ان کی رکنیت ختم کر دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی سرپرستی سے امریکا اور دیگر یورپی ممالک کا مکروہ چہرہ سامنے آ گیا ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی سانپ سونگھ گیا ہے، کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی یہی ممالک مجرمانہ خاموشی اختیار کرتے ہیں، اقوام متحدہ مسلمانوں کی نسل کشی پر اس وقت خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے، جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اس وقت نئے مسلم بلاک کی اشد ضرورت ہے، غزہ میں ہزاروں بچوں کی شہادتوں پر ہم کب تک خاموش رہیں گے، اگر آج بھی مسلمانوں نے متحد ہونے کا فیصلہ نہ کیا تو ایک ایک کر کے سب کی باری آئے گی۔ اس موقع پر اسرائیل مردہ باد، فلسطین، ایران زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات