بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کردیاہے

منگل 17 جون 2025 14:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز نے روزانہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کے ذریعے اپنے کریک ڈان کو تیز کردیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں نے وادی کشمیر اور جموں خطے میں تلاشی کی کارروائیوں اور گھر گھر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھاہواہے جس سے پورامقبوضہ علاقہ ایک کھلی جیل میں تبدیل ہو گیاہے ۔

بھارتی فورسز خاص طورپر پونچھ اور راجوری اضلاع میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔سرینگر جموں ہائی وے کے علاوہ بھارتی فورسز کے اہلکار سرینگر، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل، اسلام آباد، کولگام، پلوامہ، کٹھوعہ اور مقبوضہ علاقے کے دیگر اضلاع میں سڑکوں پر مسافروں اور گاڑیوں کی تلاشیاں لے رہے ہیں اس دوران لوگوں کو ہراساں کیا جاتا ہے اوران سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی قابض فورسز کے اہلکاروں نے امرناتھ یاترا کی سکیورٹی کے نام پر سرینگر، اسلام آباد، گاندربل اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔ بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے بعد سرینگر، گاندربل اور اسلام آباد اضلاع کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں جن سے کشمیریوں کوشدیدمشکلات کا سامنا ہے ۔