پاکستان اورامریکا کا تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پراتفاق

ہماری ایکسپورٹ انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے، ایکسپورٹ انڈسٹریز مزید آگے بڑھیں گی، وزیرخزانہ

منگل 17 جون 2025 20:06

پاکستان اورامریکا کا تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پراتفاق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)پاکستان اور امریکا نے تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی کامرس سیکرٹری سے ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں امریکی ٹیرف سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی، دونوں ممالک نے تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور امریکا نے مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر مزید تفصیلی بات چیت جلد متوقع ہے۔دوسری جانب اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہماری ایکسپورٹ انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے، ایکسپورٹ انڈسٹریز مزید آگے بڑھیں گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کی ترقی پر فوکس کرنا ہے، ٹیکس نیٹ ، توانائی اور ایس او ایز میں اصلاحات لا رہے ہیں۔