سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پرتگال کے قومی دن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

منگل 17 جون 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پرتگال کے قومی دن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق پرتگال کے سفیر فریڈریکو پنہیرو دا سلوا نے سپیکر قومی اسمبلی کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کی شرکت کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ کی علامت قرار دیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز پرتگال اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا جس کے بعد پرتگال کے قومی دن کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر پرتگالی عوام، حکومت اور پارلیمان کو پرتگال کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور ان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوستانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات موجود ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ تعلیم، تجارت، ثقافت اور پارلیمانی سفارتکاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، مختلف ممالک کے سفراء، اعلیٰ حکام، ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی جو پاکستان اور پرتگال کے مضبوط اور متحرک دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہے۔ اس موقع پر پرتگالی سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔