Live Updates

ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ممکنہ حملوں کی تیاری مکمل کر لی، نیو یارک ٹائمز کا انکشاف

ایران کی جانب سے عراق سے حملوں کا آغاز کئے جانے کا امکان ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی حکمت عملی بھی اپنائی جا سکتی ہے تاکہ بحری نقل و حرکت کو متاثر کیا جا سکے، امریکی اخبار

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 18 جون 2025 12:25

ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ممکنہ حملوں کی تیاری ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون 2025)امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ممکنہ حملوں کی تیاری مکمل کر لی ہے، امریکی حکام کے مطابق اگر امریکہ اسرائیل کی جنگ میں شامل ہوتا ہے تو انٹیلی جنس رپورٹس ہیں کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر حملوں کیلئے میزائل اور دیگر عسکری سازوسامان تیار کر لیا ہے۔

اخبار کے مطابق امریکی انٹیلی جنس رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے عراق سے حملوں کا آغاز کئے جانے کا امکان ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی حکمت عملی بھی اپنائی جا سکتی ہے تاکہ بحری نقل و حرکت کو متاثر کیا جا سکے۔امریکی حکام نے اس خدشے کے پیش نظر یورپ میں تقریباً تین درجن ری فیولنگ طیارے تعینات کر دئیے ہیں جو نہ صرف امریکی اڈوں کی حفاظت کرنے والے لڑاکا طیاروں کی معاونت کریں گے بلکہ ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملوں میں بمبار طیاروں کی رینج بھی بڑھا سکیں گے۔

(جاری ہے)

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے زیر غور ایک آپشن 30 ہزار پاؤنڈ وزنی ''بنکر بسٹر بم'' کا استعمال ہے جو فردو جیسے زیرِ زمین ری ایکٹر کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام میں جنگ کے دائرہ کار کے وسیع ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے کیونکہ اسرائیل وائٹ ہاؤس پر ایران کے خلاف مداخلت کیلئے دباؤ ڈال رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ ایرانی جوہری تنصیبات، خاص طور پر فردو کے زیر زمین ری ایکٹر پر حملہ کرتا ہے تو ایران کے حامی گروہ، جیسے کہ یمن کے حوثی جنگجو، بحیرہ احمر میں امریکی یا اتحادی بحری جہازوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

اس سے قبل بھی امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے جوہری ری ایکٹر تباہ کرنے پر غور کررہے ہیں۔اخبار کے مطابق زیر زمین فردو جوہری ری ایکٹر تک امریکہ کا 30 ہزار پاؤنڈ وزنی سب سے بڑا بنکر بسٹر بم ہی پہنچ سکتا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خبردار کیا تھا کہ ایران پر اسرائیلی حملوں میں تل ابیب سے تعاون کرنے والے ممالک بحران کے نتائج کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں کیونکہ وہ بھی قانونی طور پر ان حملوں کے ذمہ دار ہوں گے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایراوانی نے سلامتی کونسل کو بھیجے گئے خط میں آگاہ کیا ہے کہ ایران حق دفاع میں متناسب دفاعی آپریشنز انجام دے رہا ہے جن کا مقصد فوجی اہداف اور اس سے منسلک انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانا تھا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر سعید ایراوانی نے خاص طور پر امریکہ کا نام لیاتھا اور کہا کہ امریکی ہتھیاروں، خفیہ معلومات اور سیاسی حمایت کے بغیر اسرائیل کسی صورت ایران پر حملہ نہیں کرسکتا تھا۔ 
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات