صہیونی ریاست دنیا کو جوہری تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے،روس نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیرقانونی اور عالمی سلامتی کیلئے خطرہ قراردیدیا

اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، ایران کے جوہری پلانٹس پر اسرائیل کے مسلسل حملے سراسر غیر قانونی ہیں،تہران کے جوہری پروگرام تنازع کا صرف سفارتکاری سے حل ممکن ہے، روسی وزارت خارجہ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 18 جون 2025 13:12

صہیونی ریاست دنیا کو جوہری تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے،روس نے ایران پر ..
ماسکو(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون 2025) صہیونی ریاست دنیا کو جوہری تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے،روس نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیرقانونی اور عالمی سلامتی کیلئے خطرہ قراردیدیا، اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں اور یہ دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں،امریکی خبررساں ادارے سی این ین کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی پاسداری کی جب کہ تہران کے جوہری پروگرام تنازع کا صرف سفارتکاری سے حل ممکن ہے۔

روسی وزیرخارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جوہری پروگرام پر تشویش کا سفارتی حل نکالا جائے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے جوہری پلانٹس پر اسرائیل کے مسلسل حملے سراسر غیر قانونی ہیں جس سے دنیا میں جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنے جوہری توانائی سے متعلق واضح بیانات دئیے ہیں اور این پی ٹی کیلئے اپنی وابستگی کی تصدیق بھی کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران میں پرامن جوہری تنصیبات پر اسرائیلی فریق کے جاری شدت پسندانہ حملے بین الاقوامی قانون کے نقطہ نظر سے غیر قانونی ہیں جو نہ صرف عالمی سلامتی کیلئے خطرات پیدا کررہے ہیں بلکہ دنیا کو ایک ایٹمی تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں جس کے اثرات اسرائیل سمیت ہر جگہ محسوس کئے جائیں گے۔روسی وزارت خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اپنے ان حملوں کو فوری طور پر بند کرے جنہیں ماسکو نے غیر قانونی قرار دیا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ زیادہ تر ممالک اسرائیلی حملوں کی مذمت کررہے ہیں اور صرف چند ممالک یسے ہیں جو محض اپنے فائدے کیلئے اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں۔روس نے مغربی ممالک پر الزام لگایا کہ وہ صورتحال کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ یہ بات واضح ہے کہ مغربی بلاک کی جانب سے جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی نظام کو چالاکی سے سیاسی مخالف ممالک سے حساب برابر کرنے کیلئے استعمال کرنا عالمی برادری کیلئے مہنگا ثابت ہو رہا ہے اور بالکل ناقابل قبول ہے۔

روسی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ بات چیت پر بھی آمادگی ظاہر کی تاکہ جوہری پروگرام کے بارے میں شکوک و شبہات کو دور کیا جا سکے اس کے علاوہ ایران نے آئی اے ای اے کو جوہری مقامات کے معائنے کی اجازت بھی دی۔