Live Updates

ایرانی فوج نے اسرائیل کا جدید ہرمس ڈرون طیارہ مارگرایا، اسرائیلی فوج نے تصدیق کر دی

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے تصدیق کی کہ ایرانی دفاعی نظام نے اصفہان شہر میں اسرائیل کا ہرمز ڈرون مار گرایا ہے، ایرانی فوج نے گزشتہ رات اس کا ایک جدید ڈرون مار گرایا ہے، اسرائیل میڈیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 18 جون 2025 16:25

ایرانی فوج نے اسرائیل کا جدید ہرمس ڈرون طیارہ مارگرایا، اسرائیلی فوج ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون 2025) ایرانی فوج نے اسرائیل کا جدید ہرمس ڈرون طیارہ مارگرایا ، اسرائیلی فوج نے ڈرون گرائے جانے کی تصدیق کردی ، ایران نے اپنی سرحدی حدود میں داخل ہونے والے اسرائیلی ڈرون کو مار گرایا، ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے تصدیق کی کہ ایرانی دفاعی نظام نے اصفہان شہر میں اسرائیل کا ہرمز ڈرون مار گرایا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے تباہ ہونے والے ڈرون طیارے کی فوٹیج بھی جاری کی اور کہا کہ ڈرون گزشتہ رات گرایا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی فوج نے گزشتہ رات اس کا ایک جدید ڈرون مار گرایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق ایران میں فضائی آپریشن کے دوران اسرائیلی فضائیہ کے ڈرون پر زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں ڈرون گر کر تباہ ہو گیا تاہم فوج نے کہا ہے کہ معلومات کے افشا کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف 35 طیارہ مار گرایا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں ایک اور اسرائیلی ایف 35 طیارہ مار گرایا گیا۔ایرانی شہر ورامن کے گورنر کا کہنا ہے کہ ایران نے ایک اور اسرائیلی F-35 لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔ایرانی سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق ورامن کے گورنر حسین عباسی نے بتایا کہ فوج کے فضائی دفاعی نظام نے انتہائی جدید لڑاکا طیارے کو مار گرایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے تہران کے جنوب مشرق سے تقریباً 35 کلو میٹر دور شہر ورامن کے قریب اسرائیلی لڑاکا طیارہ مار گرایا۔ تہران کیخلاف جارحیت کے بعد سے ایران کی جانب سے اسرائیل کے 10 سے زائد ایف 35 طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔تازہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے تہران پر نئے حملے کئے گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے ایک اور اسرائیلی طیارہ اور ڈرون مار گرائے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ ایران نے اسرائیلی ڈرون گرادیا تاہم ایف 35 کی تباہی سے متعلق کچھ نہیں کہا گیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کی دسویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل پر مزید میزائل داغ دیئے  تھے جس کے بعد پورے اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے تھے۔ ایران کی پاسداران انقلاب کا اسرائیل کے خلاف تازہ حملوں کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے مقبوضہ علاقوں کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی حملوں کے آگے بے بس ہو چکا تھا۔

ایران نے تل ابیب پر 20 میزائل داغ دیئے تھے۔ اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو بنکر میں جانے کی ہدایت کی تھی۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی میزائلوں کی تازہ ترین بارش نے ملک بھر میں فضائی حملے کی وارننگز کو فعال کر دیا تھا جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ایران نے 20 میزائل داغے ہیں جبکہ شہریوں کو بنکرز میں جانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ایرانی خبر رساں ایجنسیوں میں شائع ہونے والے ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ ان کے طاقتور اور متحرک ''فتح میزائلوں '' نے اسرائیلی میزائل دفاعی نظام کو چیرتے ہوئے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا جو ایران کی قوت اور برتری کا واضح پیغام تھا۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات