Live Updates

ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا، امریکی حملے کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے، سپریم لیڈر

امن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی، اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی جس کی سزا ملے گی، دانشمند لوگ ایرانی قوم سے دھمکی آمیز زبان میں بات نہیں کرتے؛ خامنہ ای کا قوم سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 جون 2025 16:46

ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا، امریکی حملے کے سنگین اور ناقابل تلافی ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون 2025ء ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کو سرنڈر کرنے کی وارننگ کو مسترد کردیا، انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر نے ہمیں دھمکی دی کہ ہم جُھک جائیں، ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا، امریکہ یہ دھمکی ُانہیں دے جو دھمکیوں سے ڈرتے ہوں، ہم کسی دھمکی سے نہیں ڈرتے، امریکہ کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل قبول نہیں کرے گا، امن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی، دانشمند لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں وہ اس قوم سے دھمکی آمیز زبان میں کبھی بات نہیں کریں گے کیوں کہ ایرانی قوم ہتھیار نہیں ڈالے گی۔

(جاری ہے)

آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے جس کی اسے سزا ملے گی جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں وہ جانتے ہیں کہ ایرانی دھمکیوں کا اچھے طریقے سے جواب دیتے ہیں، ایرانی کسی دھمکی کا نرم زبان میں جواب نہیں دیتے، ایرانی عوام اپنے شہداء کے خون اور اپنی سرزمین پر ہونے والے حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ایران غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دے، ہمارا صبر جواب دے رہا ہے، ایران کے پاس اچھے فضائی ٹریکرز اور دیگر دفاعی سازوسامان موجودہ تھا، ایران کے پاس یہ سامان بڑی مقدار میں تھا لیکن اب ہمیں ایران کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل ہے، ہمیں معلوم ہے ایرانی سپریم لیڈر کہاں چھپے ہیں، ہم فی الحال ایرانی سپریم لیڈر کو نہیں مارنے جارہے ، ایرانی سپریم لیڈر آسان ہدف ہیں، ہم ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے نہیں جارہے، ایران کا سازوسامان امریکی دفاعی سازوسامان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، کوئی بھی امریکہ سے اچھا دفاعی سازوسامان نہیں بنا سکتا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات