سراج الحق کی دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں مولانا عبد الحق ثانی سمیت جے یو آئی (س) کی سینئر قیادت سے ملاقات

بدھ 18 جون 2025 23:11

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ اور شہید ابن شہید مولانا عبد الحق ثانی اور جمعیت علماء اسلام (س) کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا یوسف شاہ و دیگر علما کرام بھی موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران متحد ہو جائیں، کیوںکہ اہل کفر یکجا ہے اور ایک ایک کر کے مسلم ممالک کو نشانہ بنا رہا، جب کہ اہل اسلام تقسیم اور کنفیوژن کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

یہ وقت مسلم امہ کے اتحاد کا ہے، اگر آج متحد ہو کر قابض صہیونی ریاست کا مقابلہ نہ کیا تو کل سب کی باری آئے گی۔ فلسطین، لبنان، شام اور اب ایران عالمی استعمار کی پشت پناہی میں ا سر ا ئیلی دہشتگردی کا شکار ہے ، مسلم حکمرانوں کو اپنی باریوں کے انتظار کرنے کی بجائے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ جامعہ حقانیہ ایک عظیم درسگاہ ہے جس نے لاکھوں علماء پیدا کیے ہیں جو اس وقت پاکستان سمیت افغانستان اور پور دنیا دینی خدمات انجام دے رہے ہیں، موجودہ منظر نامے میں مسلم معاشروں میں خاص طور پر مسلم حکمرانوں میں اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔