ملک میں بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ، الرٹ جاری

بارشوں کا باعث بننے والی ہوائیں خلیج بنگال و بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 19 جون 2025 16:36

ملک میں بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ، الرٹ جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون 2025ء ) ملک میں گرمی کا زور ٹوٹنے کی خوشخبری سناتے ہوئے 20 سے 23 جون تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا باعث بننے والی ہوائیں خلیج بنگال و بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی اس کے علاوہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی 20 جون سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث کل سے 23 جون کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا اور حافظ آباد میں بارش ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بٹ گرام، شانگلہ، پشاور، کوہستان، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بادلوں کے برسنے کی امید ہے، بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ 21 سے 23 جون کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، 22 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ بارشوں سے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، اس ضمن میں پی ڈی ایم اے نے ناخوشگوار واقعات سے پیشگی نمٹنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا، جس میں ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی گئی، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسان بارشوں سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کریں، عوام بارش کے دوران بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن و بل بورڈزسے دور رہیں اور سیاح موسمی صورتحال و سڑکوں کی بندش کے پیش نظر پیشگی معلومات حاصل کریں۔