صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ، اسرائیلی جارحیت کے باعث خطے میں عدم توازن پر اظہار تشویش

جمعرات 19 جون 2025 17:26

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ، اسرائیلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی قیادت نے پارٹی صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم سیاسی اجلاس میں موجودہ صورتحال اور اسرائیلی جارحیت کے باعث خطے میں عدم توازن پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے جس کا سارے عالم اسلام کو برابر کا درد ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پارٹی کے اہم رہنماؤں سے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ موجودہ حالات میں افواج پاکستان کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی نہیں سارے عالم اسلام کی امیدوں کا مرکز ہیں۔انہوں نے کہاکہ استحکام پاکستان پارٹی پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور 25 کروڑ شہری ہمیشہ اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف معرکہ بنیان مرصوص میں پاکستان کی فتح فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی سٹاف حافظ سید عاصم منیر کے نام ہے جسے اب عالمی سطح پر بھی پذیرائی مل چکی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ امریکہ کامیاب رہا ہے اور وہ اس دورے سے بھی قومی مقاصد حاصل کریں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے اجلاس میں صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری، جنرل سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے شعیب صدیقی، صدر جنوبی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی نے شرکت کی جبکہ بریگیڈئیر(ر) قیصر ماھے، سردار آصف نکئی، رانا جاوید اقبال اور علی جاوید ڈوگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مرکزی رہنماؤں نے پارٹی صدر عبدالعلیم خان پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں لیہ اور خوشاب میں کامیاب معرکہ حق کنونشن منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔اجلاس میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال اور وفاقی و صوبائی بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ یہ طے پایا کہ اگلے مرحلے میں بھکر، کامونکے ،گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں استحکام پاکستان پارٹی کے ورکرز اور معرکہ حق کنونشن منعقد ہوں گے جن میں پاک فوج سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔