پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ کی اولین ترجیح ہے، مصطفیٰ کمال

جمعرات 19 جون 2025 21:13

پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ کی اولین ترجیح ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم ذاتی طور پر انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گاوی اور پولیو اوورسائٹ بورڈ کے مشترکہ اجلاس میں آن لائن شرکت کے دوران کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صحت نے پاکستان کی نمائندگی کی اور انسداد پولیو اقدامات پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو پر پیشرفت کا جائزہ وزیراعظم ہر ماہ خود لیتے ہیں،پاکستان میں پولیو کیسز میں 99 فیصد سے زائد کمی واقع ہو چکی ہے، پولیو اور ای پی آئی پروگرام کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے،زیرو ڈوز بچوں کے لئے مشترکہ حکمتِ عملی پر عمل جاری ہے،زیرو ڈوز بچوں تک رسائی کے لئے مشترکہ حکمتِ عملی پر عملدرآمد جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشترکہ مائیکرو پلاننگ اور مؤثر نگرانی کے باعث نتائج میں نمایاں بہتری آئی ہے ،نقل مکانی کرنے والی آبادی تک پہنچنے کے لئے بائیکر ٹیمیں متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ غذائیت اور صفائی کے نظام کو مربوط حکمتِ عملی کے تحت بہتر بنایا جا رہا ہے۔ویکسینیشن کے مربوط نظام کی مضبوطی کے لئے گاوی اور پولیو اوور سائٹ بورڈ کا تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسینیٹرز کی تربیت اور ان کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے اضافی وسائل درکار ہیں۔