سیالکوٹ ،ایم پی اے رانا عارف اقبال نے حکومت پنجاب کی جانب سے مسیحی برادری میں امدادی چیک تقسیم کئے

جمعہ 20 جون 2025 15:48

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رکن پنجاب اسمبلی رانا عارف اقبال نے حکومت پنجاب کی جانب سےحلقہ پی پی 44 سیالکوٹ کی مسیحی برادری میں امدادی چیک تقسیم کئے۔انہوں نے اپنے ڈیرہ موضع ہرناہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے مسیحی برادری میں پندرہ ہزار روپے فی کس کے حساب سے 100کے قریب امدادی چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پرانہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بطور خاتون وزیر اعلیٰ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا اور مختصر عرصہ میں ہر شعبہ زندگی پر بھرپور توجہ دی ہے، بالخصوص غریب اور مستحق خاندانوں کے لئے معاشی رقوم اور امدادی پیکجز کو جس موثر اور شفاف طریقے سے آگے بڑھایا ہے اور حقدار کو ان کے گھر کی دہلیز تک حق پہنچایا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف دن رات صوبے کے عوام اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے ساتھ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے ہونہار سکالر شپ پروگرام ، لیپ ٹاپ، موٹر سائیکل جبکہ اپنے کاروبار کے لئے اربوں روپے کے سود فری قرضے ، کسانوں کے لئے بلا سود قرضے اور سبسڈی پر زرعی آلات کی فراہمی سمیت درجنوں پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کی تصدیق کرتے ہیں۔