ریجنل ریفرنس لیبارٹری کی بنوں میں وائلڈ پولیو وائرس کے نئے کیس کی تصدیق

جمعہ 20 جون 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے جنوبی خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں وائلڈ پولیو وائرس کے ایک نئے کیس کی تصدیق کی ہے۔جاری تفصیلات کے مطابق ضلع بنوں کی یونین کونسل شمسی خیل سے تعلق رکھنے والا 33 ماہ کا بچہ رواں سال خیبر پختونخوا سے پولیو کا چھٹا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

2025 میں اب تک پاکستان میں پولیو کے کل 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں خیبر پختونخوا سے 6، سندھ سے 4، پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس شامل ہے ۔ اگرچہ ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کی کوششیں جاری ہیں اور حفاظتی قطروں کے قطرے پلانے کی مہم کے معیار میں بہتری آئی ہے لیکن خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلانے میں رکاوٹوں اور چیلنجوں کی وجہ سے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان رکاوٹوں کے نتیجے میں مواقع ضائع ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں بچے ویکسین سے محروم ہو جاتے ہیں اور پولیو وائرس کا شکار ہو جاتے ہیں۔2025 ء میں پاکستان پولیو کے خاتمے کے پروگرام نے فروری، اپریل اور مئی میں تین ملک گیر مہمات چلائی ہیں جن میں 400,000 سے زائد فرنٹ لائن ورکرز کی مدد سے 45 ملین سے زائد بچوں تک رسائی حاصل کی گئی ہے جن میں 225,000 خواتین ویکسینیٹرز بھی شامل ہیں۔

یہ پیشرفت تمام شراکت داروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور ملک بھر میں والدین اور برادریوں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے تاہم جنوبی کے پی سمیت کچھ علاقوں میں چیلنجز مکمل کوریج میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔پولیو ایک انتہائی متعدی، لاعلاج بیماری ہے جو مستقل فالج کا سبب بن سکتی ہے۔ ہر مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کے لئے بار بار اورل پولیو ویکسین (او پی وی) کی خوراک کے ساتھ ساتھ تمام ضروری حفاظتی ٹیکوں کی بروقت تکمیل کے ذریعے واحد مؤثر تحفظ ہے۔

پولیو ایریڈیکیشن پروگرام تمام والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں پر زور دیتا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو پولیو ویکسین کی ہر خوراک ملے، ہر خوراک قوت مدافعت کو مضبوط کرتی ہے اور زندگی بھر تحفظ فراہم کرتی ہے،پولیو وائرس کی منتقلی کو ہمیشہ کے لئے روکنے کے لئے کمیونٹی کی شمولیت اور حمایت اہم ہے۔