Live Updates

بدتمیزی بد زبانی گالم گلوچ برداشت نہیں ،اگر اپوزیشن بدتمیزی کریگی تواسی زبان میں جواب ملے گا‘عظمیٰ بخاری

ہفتہ 21 جون 2025 18:33

بدتمیزی بد زبانی گالم گلوچ برداشت نہیں ،اگر اپوزیشن بدتمیزی کریگی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران اپوزیشن کے الزامات کا مدلل جواب دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایوان میں جمہوری آوازوں کو دبایا گیا، لیکن آج مریم نواز کی قیادت میں ہر رکن کو اظہارِ رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں عوامی فلاح کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔

امن و امان کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اور پنجاب پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کر کے دہشتگردی کے خلاف مثر فورس بنایا گیا ہے۔ آج صوبے بھر میں، حتی کہ کچے کے علاقوں تک، پولیس چوکیاں قائم کی جا چکی ہیں۔تعلیم کے شعبے کے لیے 811 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت اسکولوں کی اپ گریڈیشن، جدید آئی ٹی لیبز، نیا فرنیچر، اور گوگل سرٹیفکیٹس سمیت لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ کی فراہمی شامل ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کی شروع کردہ لیپ ٹاپ اسکیم پر جھوٹا کیس بنایا گیا، لیکن آج اس کے مثبت نتائج عوام کے سامنے ہیں۔صحت کے شعبے میں 630 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ، مفت ادویات، صحت کلینکس کی بہتری، اور ینگ ڈاکٹرز کی خدمات سے عوام کو یونین کونسل کی سطح پر سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ کینسر، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی جیسے امراض کی مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

عظمی بخاری نے اپوزیشن کو یاد دلایا کہ بلدیاتی انتخابات کے بارے میں سوال وہ کر رہے ہیں جنہوں نے ماضی میں نمائندوں پر شب خون مارا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔اپوزیشن لیڈر کے اس الزام پر کہ حکومت نے کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ "لنگر خانے، کٹے اور وچھی" ترقی نہیں ہوتے۔ کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال، ستھرا پنجاب کلینکس، اور کلینک آن ویلز جیسے انقلابی منصوبے اپوزیشن کو نظر نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں ترقی کا ماڈل غیر سیاسی اور عوام دوست ہے۔ نوجوانوں کو دی جانے والی اسکالرشپ پر یہ نہیں دیکھا گیا کہ وہ کس جماعت کے حامی ہیں۔ مریم نواز دیہی علاقوں میں بھی ترقیاتی کام کروا رہی ہیں، جبکہ ماضی میں شہروں تک محدود حکومتیں دیہات کو نظر انداز کرتی رہیں۔جنوبی پنجاب پر بات کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ "جنہوں نے سو دن میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا، وہ آج ہم سے سوال کر رہے ہیں۔

" انہوں نے بتایا کہ تونسہ میں کھچی کینال، مظفرگڑھ میں شریمپ فارمنگ، لیہ میں میڈیکل کالج، اور ملتان یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل جیسے منصوبے جنوبی پنجاب میں جاری ہیں۔مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مریم نواز ہر ہفتے تین سے چار اجلاس مہنگائی پر کرتی ہیں، اور آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کو خود مانیٹر کر رہی ہیں۔اختتام پر عظمی بخاری نے اپوزیشن کو تنبیہ کی کہ بدتمیزی، بد زبانی اور گالم گلوچ کا جواب برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر اپوزیشن اخلاقیات کی حد پار کرے گی تو اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات