میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شہر کے پہلے بیچ ریزورٹ کا افتتاح کردیا

ہفتہ 21 جون 2025 20:12

میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شہر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اب شہریوں کو تھائی لینڈ، ملائیشیا یا دبئی جانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم نے ایک شاندار بیچ ریزورٹ ان کے اپنے شہر میں مہیا کر دیا ہے، آج ہم نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پہلے ریزورٹ کا افتتاح کر کے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے، آج کا دن تاریخی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ آج پاکستان کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ بھی ہے، اُن کی قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اگلا ریزورٹ ابراہیم حیدری یا ملیر کے علاقے میں بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری تفریح سے مستفید ہو سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاکس بے کے ساحل پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پہلے Cove بیچ ریزورٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی چیئرمین اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ ریزورٹ چھ ماہ قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا گیا تھا اور آج مکمل کر کے شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، کراچی کے عوام کے لیے ورلڈ کلاس تفریحی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کام کر رہی ہے، جب روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں تو معیشت مضبوط ہوتی ہے، ہمارا عزم ہے کہ کراچی کو سرسبز، صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جائے، ہم سب کا مشترکہ ہدف ہے کہ کراچی کا مثبت امیج اجاگر ہو کیونکہ جب کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 46 بڑے نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور ہم نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ مون سون میں برساتی پانی کی نکاسی کا نظام مؤثر رہے، شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں نے آئی آئی چندریگر روڈ کو خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ شہر کی معاشی شہ رگ ہے، جہاں بینک اور کارپوریٹ ادارے اپنی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں، ڈینسو ہال، ایمپریس مارکیٹ اور فریئر ہال عوام کی ملکیت ہیں، یہ اثاثے شہریوں کی امانت ہیں اور ان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ مینگروز کے تحفظ اور آگاہی کے لیے ایک پارک تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ بچے اور شہری ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت سے آگاہ ہوسکیں۔