او آئی سی اجلاس ،نائب وزیر اعظم ،فیلڈ مارشل کی ترک صدر سے ملاقات، ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت

خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق ،دو طرفہ برادرانہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 21 جون 2025 20:40

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)پاکستان اور ترکی نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق جبکہ دو طرفہ برادرانہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر سے اہم ملاقات کی ترجمان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر اردوان کیلئے نیک خواہشات اور گرمجوشی پر مبنی پیغام پہنچایا اور پاکستان و ترکی کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں پر مبنی اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اس کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماں نے کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے کردار ادا کرے۔

فریقین نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے اور محصور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کوششیں تیز کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے صدر ایردوان کو OIC وزرائے خارجہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اسلامی تعاون تنظیم یوتھ فورم کی جانب سے ان کی قیادت کو سراہنے پر دیے گئے ایوارڈ پر مبارکباد پیش کی۔