شہید محترمہ بینظیر بھٹو صرف سیاستدان نہیں، ایک نظریہ، جدوجہد اور ہر مظلوم کی امید تھیں، وزیر اعلی سندھ

ہفتہ 21 جون 2025 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک جدوجہد اور ہر مظلوم کی امید تھیں۔ یہ بات انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی منابست سے ہفتہ کو وزیراعلی ہائوس سے جاری اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آج عظیم رہنما، قائد جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا یومِ پیدائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میری سیاسی تربیت شہید محترمہ بینظیر بھٹونے خود کی۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جان دے کر ملک میں جمہوریت کی بحالی ممکن بنائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خلاف مہم کا آغازشہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی بیٹی آصفہ کو قطرے پلا کر خود کیاتھا، انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ان کی قیادت، قربانیوں اور مشن کو یاد کرنے اور اپنانے کا دن ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے، ان کا خواب ایک ترقی یافتہ، بااختیار اور جمہوری پاکستان تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ صرف جشن کا نہیں بلکہ عوامی فلاح، صحت، تعلیم اور اتحاد کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔بعد ازاں سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ ضلعی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ پورے ملک میں عقیدت اور احترام سے منائی گئی جبکہ سندھ اسمبلی میں بھی ان کی یاد میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔