Live Updates

حق خودارادیت کے مطالبے پر زوردینے کے لئے راول گلی آزاد کشمیر میں ریلی

ہفتہ 21 جون 2025 23:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) ریاست جموں و کشمیر کے سیاسی مستقبل کے تعین کی خاطر حق خودارادیت کے مطالبے پر زوردینے کے لئے آزاد جموں وکشمیر کے علاقے راول گلی میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیرِ اہتمام ریلی میں بزرگوں ، نوجوانوں اور بچوں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے بینرز اورکتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔ احتجاجی مظاہرین نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی بربریت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ شرکائے ریلی ''جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے''،''خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا''،''یہ جنگ ہے جنگ آزادی''،''بھارت سے لیں گے آزادی''جیسے نعرے لگارہے تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے جبری قبضے کو مسترد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ، آزادی ، انصاف اور امن چاہتے ہیں۔مقررین نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیاکہ وہ جموں و کشمیر میں رائے شماری کا اپناوعدہ پورا کرے۔ مقررین نے دنیا کے مہذب ممالک پر زوردیا کہ و ہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لئے ہر لمحہ تیار ہیں اورہماری جدوجہد حصول آزادی تک جاری رہے گی ۔ریلی سے دیگر لوگوں کے علاوہ پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، محمد شفقت کھوکھر،محمد فیاض خان،سید رفاقت گیلانی، محمد ارشاد تانترے اورمحمد صدیق قریشی نے بھی خطاب کیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات