Live Updates

پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پارٹی کو نہیں چلا پا رہی،عمران خان سے گزارش کرتا ہوں کہ سیاسی لوگوں کو آگے لے کر آئیں، فواد چوہدری

جس طرح ہم نے نو مئی کے بعد سختیاں برداشت کی ہیں موجودہ قیادت نہیں کر سکتی، اگر موجودہ قیادت ہوتی تو وہ جوتی چھوڑ کر بھاگ جاتے،سابق وفاقی وزیر کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 23 جون 2025 11:39

پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پارٹی کو نہیں چلا پا رہی،عمران خان سے گزارش ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جون 2025)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت تحریک انصاف کو نہیں چلا پا رہی،بانی پی ٹی آئی عمران خان سے گزارش کرتا ہوں کہ سیاسی لوگوں کو آگے لے کر آئیں،جس طرح ہم نے نو مئی کے بعد سختیاں برداشت کی ہیں موجودہ قیادت نہیں کر سکتی،انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر موجودہ قیادت ہوتی تو وہ جوتی چھوڑ کر بھاگ جاتے۔

پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بیرون ملک میں بیٹھی ہے۔ ہم اور کارکن عدالتوں میں کیسز کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سیاسی لوگوں کو آگے لے کر آئیں۔ایران میں رجیم چینج بڑا نقصان ہوگا ہمیں ہر صورت میں اپنے ایرانی دوستوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایران کے ساتھ اس وقت پاکستان کے عوام کا کھڑا ہونا ضروری ہے۔دریں اثناء دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے ایڈمن جج منظر علی گل نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 5 مقدمات میں سابق وزیر فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں کی سماعت کی۔

پراسیکیوشن کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کیا گیا۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ تمام ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں موجود ہے، ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے عبوری ضمانتوں میں توسیع کی جائے۔بعدازاں عدالت نے سابق وزیر فواد چوہدری کی عبوری ضمانتوں میں 8 اگست تک توسیع کر دی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا گیاتھا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کروا دی گئی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نہ نکالنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی تھی۔دوران سماعت ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکال دیا گیا تھا۔

وکیل فیصل چوہدری نے جسٹس انعام امین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ آپ کے پاس آنے سے ہمارا فائدہ ہوتا ہے، اس دوران فواد چودھری بھی روسٹرم پر آگئے اور جسٹس انعام امین سے کہا کہ عدالت کا بہت بہت شکریہ، آپ کو پتہ ہے ہم نے کہاں جانا ہے، ہم نے یہیں اپوزیشن کرنی ہے۔جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے تھے کہ آپ نے بھی ان کے پیچھے پڑ کے نام نکلوایا ہے، ان ریمارکس پر عدالت میں قہقہہ گونج اٹھا۔بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کا نام (پی سی ایل) سے نکالنے پر درخواست نمٹا دی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات