میرواعظ کی ایران پر اسرائیل اورامریکاکے حملوں کی مذمت،مذاکرات پر زور

پیر 23 جون 2025 14:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) بھارت کے غیرقانونی طورپر زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکا کی فوجی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ا ن کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قراردیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ان حملوں نے پورے مشرق وسطی کو تباہی اور افراتفری کی طرف دھکیل دیا ہے۔

میرواعظ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فوجی طاقت کا مطلب کھلی چھوٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک فلسطین کے لوگوں کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا ، مشرق وسطی کی سلامتی غیر یقینی رہے گی اور خطے کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کی صورتحال غیر مستحکم رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ مذاکرات ہی امن اورمسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں۔