ایران کی جوہری سائٹس پر امریکی حملے قابلِ مذمت ہیں،سمعیہ ساجد

امریکی حملہ ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، اقوام متحدہ کے منشور اور خود امریکہ کے آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے

پیر 23 جون 2025 14:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی مرکزی چیئرپرسن خواتین ونگ اور کشمیر ویمن الرٹ فورم کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد نے اپنے ایک شدید ردعمل میں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کو عالمی امن کے لیے کھلا خطرہ قرار دیا ہے۔ سمعیہ ساجد نے کہا کہ ایران کی جوہری سائٹس پر امریکی حملے قابلِ مذمت ہیں۔

ایران کی ایٹمی تنصیبات پر بلا اشتعال امریکی حملہ ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، اقوام متحدہ کے منشور اور خود امریکہ کے آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ غزہ میں قتل عام اور اب ایران پر چڑھائی کرنا زیادتی ہے۔ ایران پر اسرائیلی حملوں کا اقوام متحدہ نوٹس لے، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ دنیا نے دیکھ لیا پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، ہمارا دفاعی نظام مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔

(جاری ہے)

یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب ایران پہلے ہی اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہا تھا اور اس کا مقصد ایران کو جھکانا اور دباؤ میں لانا تھا، اس اقدام سے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید شدت آ جائے گی، یہ حملہ عالمی معاہدوں، اصولوں، قوانین کی پابندی، پرامن بقائے باہمی کے تصور اور انسانی تقاضوں کو سراسر نظر انداز کرنے کا مظہر ہے، اس قدم نے سب کو سنگین جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے