آزاد کشمیر اسمبلی ،سید بازل نقوی کی نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کو بینظیر بھٹو شہید کے نام منسوب کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

پیر 23 جون 2025 21:05

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)آزادجموں و کشمیر کے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی کی جانب سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام منسوب کرنے کی قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لی۔وزیر حکومت سید بازل علی نقوی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سابق وزیراعظم پاکستان دختر مشرق بے نظیر بھٹو شہید کی قومی، ملی و عالمی خدمات کے اعتراف میں نیو اسلام آباد انٹرنیشل ائرپورٹ کو پہلے ایئرپورٹ کی طرح ان کے نام سے منسوب کرنے پر عملدرآمدگی کا مطالبہ کرتا ہے۔

نیز کسی بھی ملک یا ریاست کی قیادت کے احترام میں ماضی کی اعلی روایات کو برقرار رکھا جاتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لہذا یہ معزز ایوان نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام سے منسوب کرنے کیلیے نوٹیفکیشن کی ضرورت پر زور دیتا ہے جنہوں نے ملک کے ناقابل تسخیر دفاع،ایٹمی پروگرام کے تحفظ،آئین و قانون کی۔

(جاری ہے)

بالادستی،جمہوریت کے استحکام اور میزائل ٹیکنالوجی کے حصول میں گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں۔نیز سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ نے اپنے حالیہ ٹاک شو میں بے نظیر بھٹو کی قومی قیادت کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر وائلڈ لائف و فشریز سردارجاوید ایوب نے کہاکہ بینظیر بھٹو شہید تاریخ ساز شخصیت تھیں ، ان کے مخالفین بھی انکی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ۔

بینظیر بھٹو شہید نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی۔ معاون خصوصی خصوصی برائے قانون ، قانون انصاف و پارلیمانی امور نبیلہ ایوب نے کہاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید صرف جماعت کی نہیں بلکہ ایشیا کی نمائندہ تھیں ، انہوں نے کشمیریوں کو او آئی سی میں نمائندگی دلائی۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے رولنگ دی کہ اس قرارداد کو وزیراعظم پاکستان، تمام صوبائی اسمبلیوں ، قومی اسمبلی اورسینیٹ کو ارسال کیاجائے ۔