ایران پر حملے عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں، جنگ بندی ہونی چاہیے، محترمہ مسرت کیانی

منگل 24 جون 2025 15:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی کوآرڈینیٹر محترمہ مسرت کیانی نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اور اس کشیدگی کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں جنگ کا ماحول بنا کر نہ صرف مسلم ممالک کو غیر مستحکم کر رہا ہے بلکہ پوری دنیا کو ممکنہ طور پر ایک تباہ کن جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔

محترمہ مسرت کیانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، لیکن عالمی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کر کے اسرائیلی جارحیت کو روکے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے عملی اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل اشتعال انگیزیوں کا مقصد امت مسلمہ کو کمزور کرنا ہے، لیکن مسلمانوں کو متحد ہو کر اس سازش کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرنا صرف ایران یا فلسطین کا نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کا مشترکہ فریضہ ہے۔مسرت کیانی نے کہا کہ کشمیر، فلسطین اور ایران کے عوام ایک جیسے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اصولی موقف اپنایا ہے، جو قابلِ تعریف ہے۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم امہ کو بیدار ہو کر متحدہ اور مضبوط مؤقف کے ساتھ اسرائیلی مظالم کا راستہ روکنا ہوگا، ورنہ یہ آگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔