عدنان چوہدری قتل کیس، ملزم چوہدری تنویرخان کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست سماعت کیلئے منظور

منگل 24 جون 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء) ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی چوہدری محمد حسین گادی نے تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی عدنان چوہدری قتل کیس میں نامزد مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی ہے اور ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کل (بروز بدھ) مقدمہ کا تمام ریکارڈ پیش کریں درخواست ضمانت کی ابتدائی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل تنویر اقبال، ملک وحید انجم، محمد یاسر اور ملک وقاص بھی موجود تھے چوہدری تنویر کی جانب سے دائر درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کو بلاجواز طور پر مقدمہ میں ملوث کیا گیا ہے حالانکہ وقوعہ کی ایف آئی آر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج ہے اسی طرح مقدمہ کے شریک ملزمان دانیال چوہدری، اسامہ چوہدری اور چنگیز چوہدری کی ضمانت قبل از گرفتاری پہلے ہی کنفرم ہو چکی ہے جبکہ سہیل انجم، ظہور اور وہاب پر مشتمل دیگر شریک ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری بھی ہوچکی ہے اس تناظر میں درخواست گزار بھی قانونی رعایت کا مستحق ہے درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اور اس کی فیملی کے افراد محض سیاسی بنیادوں پر مقدمہ میں ملوث کیا جارہا ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار عارضہ قلب میں مبتلا ہونے سمیت گزشتہ 2 سال سے مختلف طبی مسائل کا شکار ہے اور اب جبکہ مقدمہ میں ہر طرح کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں اور نہ ہی درخواست کسی حوالے سے تحقیقات میں مطلوب ہے لہٰذا درخواست گزار کی ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم جاری کیا جائے درخواست گزار عدالت کے اطمینان کے لئے شورٹی بانڈ دینے کو تیار ہے عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد سماعت 25 جون تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں قبل ازیں اس مقدمہ میں راولپنڈی کی سیشن عدالت نے گزشتہ سال 6 جون کو چوہدری تنویر کی درخواست ضمانت خارج کر دی تھی چوہدری تنویر کو ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست واپس لینے اور پولیس کے سامنے سرنڈر کرنے پر تھانہ سول لائن پولیس نے 17 جون کو ہائی کورٹ سے گرفتار کیا تھا جنہیں گزشتہ روز عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا جبکہ 20 جون کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت نے چوہدری تنویر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا یاد رہے کہ تھانہ سول لائنز پولیس نے سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری عدنان کے قتل کے الزام میں مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر ان کے بیٹوں رکن قومی اسمبلی چوہدری دانیال و اسامہ تنویر اور بھائی چوہدری چنگیز سمیت 5 افراد کے خلاف 12 فروری 2024 کو مقدمہ درج کیا تھا یہ مقدمہ مقتول چوہدری عدنان کے برادر نسبتی چوہدری ندیم اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا تعزیرات پاکستان کی دفعات 302/34، 109 اور 201کے تحت درج مقدمہ نمبر 253 کے مطابق چوہدری عدنان اپنی اسلام آباد نمبر کی پراڈو گاڑی نمبر سی جے 100 کو خود ڈرائیو کر رہے تھے جبکہ پچھلی سیٹ پر فضل ربی اور چوہدری ظہیر خان کے علاوہ پچھلی لینڈ کروزر نمبر ایس ٹی سی 4677 پر زاہد حفیظ اور احتشام سخاوت بھی موجود تھے عسکری 13 میں ہاؤسنگ کے دفتر سے واپسی پر جناح پارک کے قریب اشارے پر شلوار قمیص میں ملبوس 2 نامعلوم افراد نے ڈرائیونگ سیٹ کی جانب سے چوہدری عدنان پر اس وقت اندھا دھند فائرنگ کر دی جب گاڑی اشارے پر رکی ہوئی تھی جس سے گولیاں مقتول کے چہرے اور سینے سمیت جسم کے مختلف حصوں پر لگیں اور وہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ حملہ آور سڑک کے دوسری جانب موجود موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے تھے۔