
ایران اور اسرائیل ’جنگ بندی‘ کا احترام کریں، انتونیو گوتیرش
یو این
منگل 24 جون 2025
21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 24 جون 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اس کا احترام کرتے ہوئے مزید کشیدگی سے اجتناب برتیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا ہےکہ لڑائی بند ہونی چاہیے۔ دونوں ممالک کے لوگ پہلے ہی بہت سی تکالیف سہہ چکے ہیں۔
امید ہے کہ خطے میں کشیدگی کا شکار دیگر ممالک میں بھی امن قائم ہو گا۔
اسرائیل اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں جن پر امریکہ کے صدر نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے کہا ہےکہ وہ ایک دوسرے پر مزید حملے بند کریں۔
(جاری ہے)
ایران کے حکام کا کہنا ہے کہ 13 جون سے شروع ہونے والے اسرائیل کے حملوں میں اس کے 610 شہری ہلاک ہوئے جن میں 49 خواتین اور 13 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 165 خواتین اور 65 بچوں سمیت زخمیوں کی تعداد 4,746 ہے۔ دوسری جانب، اسرائیل کی جانب سے ایران کے میزائل حملوں میں 28 شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
جوہری مذاکرات پر زور
جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافائل میریانو گروسی نے تہران پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ تعاون بحال کرے تاکہ اس کے جوہری پروگرام سے متعلق اختلافات کا خاتمہ ہو سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے 'آئی اے ای اے' کے ساتھ تعاون کی بحالی کسی جوہری معاہدے کی کامیابی کے لیے بنیادی شرط ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ وہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کو ملاقات کی پیشکش کر چکے ہیں تاکہ ملک کے جوہری پروگرام سے متعلق طویل تنازع کا سفارتی حل نکالا جا سکے۔
جیل پر حملے کی مذمت
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے ایران کی بدنام ایون جیل پر اسرائیل کے مبینہ حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل جنگی ہدف نہیں ہوتی اور اس پر حملوں سے گریز کرنا چاہیے۔ ادارے کے ترجمان ثمین الخیطان نے کہا ہے کہ ایسی کوئی کارروائی بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ادارے کے پاس اس حملے کے حوالے سے تفصیلات نہیں ہیں۔ تاہم، اطلاعات کے مطابق، تہران میں واقع جیل کے اندر فائرنگ اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ایون جیل میں سیاسی قیدی بشمول صحافی اور حقوق کے کارکن بھی رکھے گئے ہیں لیکن کسی کے کردہ اور ناکردہ جرائم سے قطع نظر سبھی کو جیل میں تحفظ ملنا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق، ایران نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی حملے کے بعد تمام قیدیوں کو دارالحکومت تہران کی دیگر جیلوں میں منتقل کر دیا ہے۔
آزادی اظہار کے احترام کا مطالبہ
ثمین الخیطان نے ایران میں جاسوسی کے الزام میں اور حکومت مخالفین کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں رسائی نہ ہونے کے باعث ایسی اطلاعات کی تصدیق کرنا مشکل ہے۔
تاہم، کئی شہریوں کو سائبر سرگرمیوں اور اسرائیلی حملوں کے حوالے سے مواد کی اشاعت کے الزام میں گرفتار کرنے کی مصدقہ خبریں بھی آ رہی ہیں جن کے مطابق دیگر واقعات کے علاوہ 13 جون کو ملک پر اسرائیلی حملہ شروع ہونے کے بعد نو افراد کو موت کی سزا دی گئی ہے۔انہوں نے ایران کے حکام سے کہا ہےکہ وہ اطلاعات کے حصول اور اظہار کی آزادی کا احترام کریں اور صحافیوں کو اپنا کام بلارکاوٹ انجام دینے کی سہولت ملنی چاہیے۔
اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار ہونے والے شہریوں کو منصفانہ قانونی کارروائی کا حق ملنا ضروری ہے۔ اگر یہ حراستیں ناجائز ہیں تو ان لوگوں کو بلاتاخیر اور غیرمشروط رہا کیا جانا چاہیے۔انسانی حقوق کونسل کے خدشات
انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے غیرجانبدار ماہرین نے کہا ہے کہ ایران میں جاسوسی کے الزام میں حالیہ دنوں قومی سلامتی سے متعلق جن قوانین کے تحت لوگوں کو موت کی سزائیں دی گئی ہیں وہ مبہم ہونے کے ساتھ ایسے بہت سے افعال کا احاطہ بھی کرتے ہیں جن کے لیے یہ سزا نہیں ہونی چاہیے۔
گزشتہ ہفتے 'او ایچ سی ایچ آر' کی نائب سربراہ ندا الناشف نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کو بتایا تھا کہ گزشتہ سال ایران میں کم از کم 975 لوگوں کو موت کی سزا دی گئی۔ یہ 2015 کے بعد ایسی سب سے بڑی تعداد ہے۔
انہوں نے کونسل کو ایران کی جیلوں میں قیدیوں پر تشدد اور اقلیتوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہدف بنائے جانے سے بھی آگاہ کیا۔
مزید اہم خبریں
-
سیلاب: یو این کی امدادی کارروائیوں میں پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی
-
’یہ ہمارے نہیں آپ کے مطالبات ہیں‘ اے این پی کے اے پی سی اعلامیہ پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا دستخط سے انکار
-
پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے بڑے بڑے طرم خان رگڑ دیئے جائیں گے، فیصل واوڈا
-
خیبرپختونخواہ میں سرکاری فنڈز کا 10 فیصد غیرریاستی مسلح گروہوں کو دیا جاتا ہے، مولانا فضل الرحمان
-
بستیوں کو پانی کے راستوں سے ہٹا کر نئے مقامات پر آباد کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ
-
لاہور میں قابل اعتراض پارٹی منعقد کرنے پر گرفتار خواجہ سراؤں کیخلاف درج مقدمہ خارج
-
سیلاب متاثرین سے اظہارِ ہمدردی، یو اے ای میں یومِ آزادی کی تقریبات ملتوی
-
نا اہل ،ائیر کنڈیشنڈکمروں تک محدود افسران کو ریلوے میں رہنے کوئی حق نہیں‘حنیف عباسی
-
سیاسی جماعتوں میں اختلافات کے خاتمے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں‘ یوسف رضا گیلانی
-
وزیرداخلہ نے سعودی وفد سے فیلڈ مارشل کے مکالمہ کی تفصیل بتا دی
-
وزیراعلیٰ پنجاب کا ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم
-
خشک سالی اور ڈیم: افغانستان میں پانی کا بحران علاقائی شکل اختیار کر گیا
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.