حیدرآباد، عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے مشرق وسطی میں امریکی و اسرائیلی سامراجی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 25 جون 2025 22:58

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2025ء) عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے مشرق وسطی میں امریکی و اسرائیلی سامراجی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاجی اپیل پر ادیب، دریا خان چانڈیو، عالیہ بخشل، عاقب رتڑ اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر رہنمائوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں امریکی سامراج نے اسرائیل کی صورت میں ایک غنڈہ پال رکھا ہے، جو پورے خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیلنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔

کئی دہائیوں سے اسرائیل فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کر رہا ہے، صرف دو سالوں کے اندر 60ہزار سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے بالکل بے بس نظر آتے ہیں اور امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر صیہونیت کی کھلم کھلا پشت پناہی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے مزید کہا کہ اب امریکہ اور اسرائیل تمام عالمی انسانی قوانین کو روندتے ہوئے ایران پر براہ راست حملے کر رہے ہیں، یہ وہ سامراجی طاقتیں ہیں جنہوں نے ہیروشیما اور ناگاساکی پر قیامت ڈھائی تھی ، جو خود نیوکلیئر ہتھیاروں سے لیس ہیں لیکن ایران کو موردِ الزام ٹھہرا رہے ہیں۔

رہنمائوں نے کہا کہ ہم امریکی و اسرائیلی سامراجی جنگی جارحیت اور جنون کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دنیا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر ایران اور فلسطین کی مزاحمت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے حکمرانوں کو بھی خبردار کیا کہ سامراجی کیمپ کا پہرہ دینا بند کریں اور قاتلوں کو نوبل انعام کی سفارش کرکے انہوں نے خود کو پوری دنیا کے سامنے رسوا کیا ہے۔ رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ مشرق وسطی میں خون کی ہولی بند کی جائے اور نیتن یاہو و ٹرمپ پر جنگی جرائم کے تحت مقدمات چلائے جائیں۔