Live Updates

جوہری تنصیبات کی تباہی پر ایران کا امریکہ سے ہرجانے کا مطالبہ، اقوام متحدہ سے رجوع کا فیصلہ کرلیا

حملوں کے بدلے امریکہ کولاکھوں ڈالرادا کرنا ہوں گے جس کے لیے سائنسی اورتکنیکی تنصیبات پر بمباری کی شکایت اقوام متحدہ میں درج کرائیں گے؛ نائب ایرانی وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 جون 2025 15:22

جوہری تنصیبات کی تباہی پر ایران کا امریکہ سے ہرجانے کا مطالبہ، اقوام ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون 2025ء ) ایران نے اپنی جوہری تنصیبات کی تباہی پر امریکہ سے ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے نائب ایرانی وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ امریکہ نے غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ مل کر جارحیت کا ارتکاب کیا، حملوں کے بدلے امریکہ کولاکھوں ڈالرادا کرنا ہوں گے جس کے لیے سائنسی اورتکنیکی تنصیبات پر بمباری کی شکایت اقوام متحدہ میں درج کرائیں گے، جس کے تحت واشنگٹن کو ایران کی تنصیبات پر ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنا ہوگا، اس ضمن میں ایران اقوام متحدہ میں جمع کرائے جانے والی شکایات میں ملک کی سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران نے جارح قوت کو منہ توڑ جواب دیا، اسلامی جمہوریہ ایران کی مزاحمت سےاسرائیل کوبڑا دھچکہ لگا، جنگ کے دوران ایران طاقتور ملک کی طرح اسرائیلی جارحیت کے سامنے ثابت قدم رہا ہے، اسرائیلی آباد کار نیتن یاہوکی سٹریٹجک غلطیوں کا شکار ہوئے، ہزاروں آبادکاروں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، کئی ہزار اسرائیلی ملک چھوڑ کر چلے گئے، امریکہ نے جنگ ختم کرنے کے لیے ایران کو پیغامات بھیجے، تاہم ایران نے جوابی اقدام کے طور پر خطے میں ایک امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا، ٹرمپ اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ ایران ایک تہذیب ہے جسے مٹایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ’ اگر ایران نے جوہری تنصیبات بحال کرنے کی کوشش کی تو دوبارہ حملہ کریں گے‘، دی ہیگ میں نیٹو سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ’ ایرانی میزائلوں نے عمارتوں کو تباہ کردیا، آخری 2 دنوں میں اسرائیل کو بہت بری مار پڑی، ایران اور اسرائیل دونوں نے تسلیم کیا کہ بس بہت ہو گیا اور جنگ بندی کو موقع دینا چاہیئے، میرے کہنے پر اسرائیلی طیارے واپس گئے جس کے بعد سے ایران اسرائیل جنگ بندی پر بہت اچھے طریقے سے عمل ہو رہا ہے، جنگ بندی کی چند خلاف ورزیاں ضرور ہوئی ہیں لیکن مجموعی طور پر فریقین پیچھے ہٹے ہیں جو کہ خوش آئند ہے‘۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات