پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک اور عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے، سید نیئر حسین بخاری

محنت کشوں کے حقوق کی حقیقی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک اور عوام کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہی؛ ندیم افضل چن

جمعرات 26 جون 2025 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی عوام کی وہ نمائندہ جماعت ہے جو ملک اور قوم کے بہترین مستقبل کے لیے نہ صرف پروگرام رکھتی ہے بلکہ عملی میدان میں بھی سرگرم عمل ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل سیکرٹریٹ میں منعقدہ شمولیت پروگرام سے خطاب کررہے تھے ۔ اس شمولیت پروگرام میں میانوالی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں شاہد عباسی، مقبول حسین، ملک بھی ، ملک تجمل، ملک مظفر نیازی، محمد صدیم، محمد رمضان اور قیصر نیازی نے سید نئیر حسین بخاری اور ندیم افضل چن کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینٹر چنگیز جمالی اور سکینہ عبدللہ بھی موجود تھے، مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی سید نئیر حسین بخاری نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور ایک بہترین مستقبل کی نمائندہ جماعت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہی عالمی دنیا میں پاکستان کی بہترین نمائندگی کرنے والی جماعت ہے۔

میں آپ لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے عوام کے حقیقی پلیٹ فارم کا انتخاب کیا۔ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جوق در جوق پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اس بات کی غمازی ہے کہ ملک و قوم کا بہترین مستقبل پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں پوشیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری معاشی اور سماجی بحران کا واحد حل پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد نمائندہ جماعت ہے جو پاکستان کے محنت کشوں کے حقوق کے حصول اور حاصل شدہ حقوق کے دفاع کے لیے برسرپیکار ہے۔ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے، پاکستان کے عوام کا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری عالمی دنیا میں پاکستان کا نمائندہ چہرہ ہیں، وہ پاکستان کے نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کی امیدوں کا محور ہیں۔

جب بھی ملک و قوم پر کوئی برا وقت آیا پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے ڈٹ کر اس کا مقابلہ کیا اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کردار ادا کیا۔ انہوں نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کا علم لے کر نکلیں ہر گلی ، ہر محلے ، ہر گھر میں پارٹی کا پیغام لے کر جائیں کیونکہ ان گھٹا ٹوپ اندھیروں میں روشنی کی واحد کرن پاکستان پیپلز پارٹی ہی ہے۔