کراچی کے شہریوں پر نمبر پلیٹ کے نام پر ظلم کی انتہاہے،شوکت فاروقی

نمبر پلیٹ کی تبدیلی کیلئے سندھ پولیس کا کراچی کے شہریوں سے بدترین سلوک نامنظور،وائس چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ

جمعرات 26 جون 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان)کے وائس چیئر مین شوکت اللہ فاروقی نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر بفرزون سے آئے بزرگوں کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں سندھ پولیس کی جانب سے موٹرسائیکل سمیت دیگر وہیکل پر بھاری بھر قم جرمانوں اور جرمانوں کی ادئیگی کیلئے لمبی لمبی قطاریں کراچی کے عوام کیلئے مزید مشکلات کا سبب بن رہی ہیں جبکہ ٹریفک پولیس اور سندھ پولیس اہلکار جگہ جگہ ناکے لگائے شہریوں سے نمبر پلیٹ کی تبدیلی اور کاغذات کی چیکنگ کے بہانے ناصرف ناروا سلوک کررہی ہے بلکہ اجرک نمبر پلیٹ والی نئی نمبر پلیٹ کی عدم موجودگی میں بھاری جرمانے اور رشوت وصول کرنے میں مگن ہے۔

جبکہ عدم ادائیگی کی صورت میں گاڑی ضبط کرلی جاتی ہے یا پھر منہ مانگی رشوت طلب کی جاتی ہے جس کے بعد گاڑی کو جانے دیا جاتا ہے، جوکہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ظلم کی انتہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جب شہری نمبر پلیٹ کی حصول کیلئے متعلقہ محکمے سے رجوع کرتے ہیں تو سندھ پولیس کا کراچی کے شہریوں سے بدترین سلوک کیا جاتا ہے جو کہ کسی طور منظورنہیں۔انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ سندھ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ٹان کی سطح پرموبائیل ٹیکس یونٹ کھولے جائیں، تاکہ شہر میں موجود 40لاکھ سے زائد موٹرسائیکل مالکان کو مشکلات سے نجات دلائی جاسکے۔