پاکستان اور چین کے درمیان کثیرالجہتی امور پر مشاورت کا پانچواں دور بیجنگ میں منعقد

جمعرات 26 جون 2025 22:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) پاکستان اور چین کے درمیان کثیرالجہتی امور پر مشاورت کا پانچواں دور بیجنگ میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت اسپیشل سیکرٹری (اقوام متحدہ) سفیر نبیل منیر جبکہ چینی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہِ عوامی جمہوریہ چین کے ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی اداروں و کانفرنسز شین بو نے کی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشاورت کے دوران دونوں فریقین نے اقوام متحدہ سے متعلق وسیع تر امور بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بھرپور ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی اداروں کو مزید تقویت دینے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں اسپیشل سیکرٹری (اقوام متحدہ) سفیر نبیل منیر نے مشاورت کے موقع پر چین کے نائب وزیرِ خارجہ میا ڈیو سے الگ ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے پاکستان۔ چین بے مثال اسٹریٹجک شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے ان تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کی خواہش کا اظہارکیا۔