محرم الحرام کی آمد،ایڈیشنل آئی جی سے مختلف مذاہب و مسالک کے علماء وامن کمیٹیز وفد کی ملاقات

جمعہ 27 جون 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) محرم الحرام کی آمد کے پیش نظرایڈیشنل آئی جی آپریشنزپنجاب شہزادہ سلطان سے مختلف مذاہب و مسالک کے علما، مشائخ عظام،کمیونٹی لیڈرز اور امن کمیٹیوں کے وفدنے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ترجمان کے مطابق مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مذہبی لیڈرز، مجالس، عزاداری جلوسوں کے لائسنس ہولڈر اور متولیان ملاقات میں شامل تھے۔

وفد میں چیئرمین قومی امن کمیٹی پنجاب کامران پرویز چوہدری، چیئرمین پاکستان قومی امن کمیٹی پروفیسر محمود غزنوی، پاسٹر نولکھا چرچ ڈاکٹر مجید ایبل، قاسم علی قاسمی، حافظ کاظم رضا نقوی،مولانا صفدر حسین جعفری،سید مہدی علی، مولانا ہمدانی، علامہ رائے ظفر علی خان، مولانا عاصم مخدوم،مفتی سید عاشق حسین، مولانا بدر منیر، چوہدری صغیر عباس ورک اور سمیر چوہان و دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ملک دشمن عناصر کی طرف سے محرم الحرام میں نقص امن، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے کی تمام کوششوں کو مل کر شکست دینے کا عزم کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب نے کہا کہ موجودہ سٹریٹیجک حالات کے پیش نظر پرامن اور محفوظ محرم الحرام کا انعقاد ہم سب کا مشترکہ مشن ہے،پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اور مسالک ملکی امن وسلامتی کی خاطر متحد ہیں،امن کی خاطر کسی بھی مسلک کے جذبات مجروح نہ ہونے دیں، سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور انتشار کی کسی بھی کوشش پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنزپنجاب نے کہا کہ عشرہ محرم میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں لاکھوں پولیس افسران و اہلکار عبادت کے جذبہ سے ڈیوٹی سر انجام دیں گے،شیعہ کمیونٹی لیڈران کی تجاویز کی روشنی میں سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔مذہبی رہنمائوں اور منتظمین عزاداری جلوسوں و مجالس نے عشرہ محرم کے لئے پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر وفد نے ملک و قوم کی ترقی و سلامتی اور شہدا پولیس کی روح کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگیں۔