جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی کامیاب کارروائی،قوم کے محافظوں کو زبردست خراج تحسین

شہداء کو خراج عقیدت، مسلم کانفرنس اور کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سمعیہ ساجد

جمعہ 27 جون 2025 14:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی کامیاب کارروائیظقوم کے محافظوں کو زبردست خراج تحسین، شہداء کو خراج عقیدت، مسلم کانفرنس اور کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: سمعیہ ساجدمرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ . سمعیہ ساجد نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو جرات و بہادری کی عظیم مثال قرار دیتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی یہ کامیاب کارروائی نہ صرف دشمنانِ وطن کے ناپاک عزائم کی ناکامی ہے بلکہ پوری قوم کے حوصلوں کو نئی قوت دینے والا عظیم اقدام ہے۔

(جاری ہے)

سمعیہ ساجد نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں مسلم کانفرنس ہمیشہ ملکی سلامتی، نظریہ پاکستان، اور افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کی علمبردار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردار عتیق احمد خان کی واضح اور اصولی قیادت کشمیری عوام کو ہمیشہ دفاع وطن کی صفِ اول میں کھڑا رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کا ہر کارکن اور کشمیری عوام کا ہر فرد افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔مادر وطن کے سپوتوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بیرونی یا اندرونی دشمن کو قدم جمانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

جنوبی وزیرستان میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 11 خوارج دہشت گردوں کی ہلاکت اور 7 کے زخمی ہونے کی اطلاع اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا یہ عظیم کردار نہ صرف ملک کی داخلی سلامتی کا ضامن ہے بلکہ پورے خطے میں پاکستان کے دفاعی وقار اور استحکام کا مظہر ہے۔

دشمن کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی ہو یا اندرون ملک دہشت گرد نیٹ ورکس کی پشت پناہی، ہماری بہادر افواج ہر محاذ پر چوکس اور پرعزم ہیں۔ بھارت کی خفیہ سرپرستی میں ملک کے اندر تخریب کاری کے تمام منصوبے ناکام بنا دیے جائیں گے۔سمعیہ ساجد نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی عظیم قربانیوں کی مقروض ہے۔ شہداء کے مقدس لہو سے حاصل ہونے والا یہ امن ہمیشہ قائم رہے گا۔

ہم ان عظیم ماو?ں، بہنوں، اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کے پیارے اس وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی باشعور خواتین، نوجوان، اور تمام طبقے ملک دشمن عناصر کے خلاف پاک فوج کے ہر اقدام کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ویمن الرٹ فورم اور مسلم کانفرنس خواتین ونگ میدان عمل میں قومی سلامتی کے بیانیے کو مضبوط بنانے کے لیے ہر سطح پر سرگرم ہیں، اور یہ جدوجہد مزید بڑھائی جائے گی۔سمعیہ ساجد نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، یکجہتی، اور قومی شعور کے ساتھ افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہو، کیونکہ یہی قومی اتحاد دشمنوں کے ہر منصوبے کو ناکام بنانے کی اصل قوت ہے۔