ہنگامی حالات میں دفترِخارجہ نے شاندار کردار ادا کیا ہے،سینیٹرعرفان صدیقی

سفارتی سطح پر بھارت کا تنہا رہ جانا پاکستان کے بیانیے کی فتح ہے،سینئر رہنماء پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لئے ہر فورم پر موثر کردار ادا کر رہا ہے، سیکرٹری خارجہ

جمعہ 27 جون 2025 19:18

ہنگامی حالات میں دفترِخارجہ نے شاندار کردار ادا کیا ہے،سینیٹرعرفان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)سینیٹ میں مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امورِ خارجہ کے چیئرمین،سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پے درپے دو جنگوں کے تناظر میں پاکستان کا موقف واضح کرنے اور ایک متوازن بیانیہ دنیا کے سامنے لانے کے لئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت میں دفترِ خارجہ نے انتہائی شاندار کرداراداکیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ قائمہ کمیٹی امورِ خارجہ کے اجلاس میںکیا۔ انہوں نے کمیٹی کے ا رکان شیری رحمان اور مصدق ملک کی خدمات کو سراہا جو پارلیمانی وفد کے ارکان کے طور پر انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں دنیا کو پاکستانی موقف سے آگاہی کیلئے سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

وزارتِ خارجہ کی سیکرٹری آمنہ بلوچ اور اعلیٰ عہدیداروں نے کمیٹی ارکان کو ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد کی صورتِ حال،اس ضمن میں پاکستان کے کردار اور مستقبل کے امکانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

مختلف ارکان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے سیکرٹری امور ِ خارجہ نے کہا کہ ہماری تمام تر کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام پر مرکوز ہیں اور پاکستان اس سلسلے میں مختلف ممالک کے اشتراک سے نہایت موثر کردار ادا کررہا ہے۔کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے ان ا قدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف عالمی فورمز پر بھارت کا تنہا رہ جانا اس کی شکست اور ہمارے بیانیے کی فتح ہے۔ کمیٹی کے اِ ن کیمرہ اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان،سینیٹر انوار الحق کاکڑ،سینیٹر مصدق ملک، سینیٹر بیرسٹر علی ظفر اور سینیٹر ذیشان خانزادہ نے شرکت کی جب کہ وزارتِ خارجہ کی نمائندگی میڈم آمنہ بلوچ اور دیگر سینیئر عہدیداروں نے کی۔