سردار عتیق احمد کا سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی صحت پر اظہار تشویش

عالمی انسانی حقوق تنظیموں ،اقوامِ متحدہ سے علاج معالجے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ

جمعہ 27 جون 2025 19:44

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے مقبوضہ کشمیر کے سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے علاج معالجے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار راولپنڈی مجاہد منزل پرکیا ۔انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ ایک نظریاتی اور پرامن جدوجہد کرنے والے حریت پسند رہنما ہیں، جنہیں بھارتی جیلوں میں طویل عرصے سے قید رکھا گیا ہے۔ اب اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ وہ کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں، جس کے باوجود بھارتی حکومت نہ صرف ان کی رہائی میں تاخیر کر رہی ہے بلکہ ان کے بنیادی انسانی حق، یعنی علاج کی سہولت سے بھی محروم رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کی طویل قید اور اب بیماری کی حالت میں ان کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک انسانی ضمیر کو جھنجوڑنے کے لیے کافی ہے۔ عالمی ادارے، او آئی سی، انسانی حقوق کمیشن اور اقوامِ متحدہ اس سنگین انسانی مسئلے پر فوری نوٹس لیں۔سردار عتیق نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہتا ہے، مگر ایک بیمار سیاسی قیدی کو علاج جیسی بنیادی سہولت بھی فراہم نہیں کرتا۔

یہ دہرا معیار اقوامِ عالم کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتا ہے۔انہوں نے پاکستانی حکومت اور دفترِ خارجہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھائیں اور شبیر احمد شاہ سمیت دیگر کشمیری قیدیوں کی حالتِ زار دنیا کو دکھائیں۔سردار عتیق احمد خان نے شبیر شاہ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔