Live Updates

پختونستان ایک مردہ گھوڑا ہے اس میں جان ڈالنے کی کوئی بھی سازش ناکامی سے دوچار ہوگی

حالیہ کشیدگی کے باعث پاک افغان تجارتی حجم کم ہوکر 80 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگیا ہے، پاکستان نے اکھنڈ بھارت اور ایران نے گریٹر اسرائیل کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔ سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 27 جون 2025 19:40

پختونستان ایک مردہ گھوڑا ہے اس میں جان ڈالنے کی کوئی بھی سازش ناکامی ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 27 جون 2025ء ) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق مرکزی امیر،سابق سینیٹروسابق سینئر صوبائی وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ افغان ملت نے 1919 میں برطانوی سامراج، 1979 میں روسی سامراج اور 2001 میں امریکی سامراج کی قیات میں نیٹو فورسز کو شکست دیکر ثابت کیا کہ یہ خطہ کسی کا تابع نہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بد اعتمادی کی خلیج ختم ہونی چاہیے اور دونوں ممالک کو ترقی، تجارت اور تعلیم وصحت کے شعبوں میں ایک دوسرے کے شراکت دار بننا چاہیے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (آئی آرایس)  پشاور کے زیراہتمام پاک افغان تعلقات کی نئی جہتیں کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے تجویز دی کہ پشاور طورخم ریلوے ٹریک کو بحال کرکے افغانستان تک توسیع دی جائے، افغانوں کیلئے خصوصی شناختی کارڈز کا اجرا کیا جائے اور دونوں ممالک کے شہریوں کو دستاویزات کے ساتھ آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دو آزاد وخودمختار پڑوسی ممالک ہیں جو مذہب،ثقافت،زبان اور جغرافیائی وحدت کے تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں،ان دونوں ممالک کی قربت اور دوستی نہ صرف ان دونوں ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے بلکہ اس سے یہ پورا خطہ بھی ترقی کی نئی بلندیوں کوچھو سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ اس حقیقت کوکوئی بھی نہیں جھٹلا سکتا کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں افغانوں کی مدد کی ہے اورافغانستان میں استحکام افغانوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بھی مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد ایک مسلمہ حقیقت ہے اور اس کو متنازعہ بنانے کی کسی بھی سازش یا کوشش کی حمایت کی گنجائش نہیں ہے، پختونستان ایک مردہ گھوڑا ہے جس میں جان ڈالنے کی کوئی بھی سازش ناکامی سے دوچار ہوگی۔
سراج الحق نے کہا کہ افغانوں نے امریکی سامراج، پاکستان نے اکھنڈ بھارت اور ایران نے گریٹر اسرائیل کے عزائم خاک میں ملا کر عالم اسلام کی حقیقی قیادت کا حق ادا کردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان،پاکستان اور ایران ترکی کو ساتھ ملاکر ایک مشترکہ محاذ کے ذریعے نہ صرف عالم اسلام کی قیادت کرسکتے ہیں بلکہ یہ چاروں ممالک مل کر اس پورے خطے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا پہلا رشتہ اسلام کا ہے اور افغان عوام آج بھی پاکستانی بھائیوں کی قربانیوں کو یادرکھتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے افغانستان میں 20 سالہ قبضے کے دوران نہ ہسپتال بنائے اور نہ ہی تعلیم  و صحت کے شعبے میں کوئی بہتری لائی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کی بہتری میں حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ دونوں جانب کے سیاسی قائدین، علماء کرام، تاجر، دانشور، صحافی، کھلاڑی، شاعر، ادیب اور فنکار باہمی ملاقاتوں اور رابطوں کے ذریعے اہم کرداراداکرسکتے ہیں۔

پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے ڈپٹی چیئرمین ضیاء الحق سرحدی نے اس موقع پر کہا کہ پاک افغان تجارت کا حجم پہلے 2.5 ارب ڈالر تھا جو حالیہ کشیدگی کے باعث متاثر ہوکر 80 کروڑ ڈالر کی کم ترین سطح پر پہنچاہے لیکن اب آہستہ آہستہ دو طرفہ تجارت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ،ویزہ پالیسی اور بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنایا جائے تاکہ تاجروں اورڈرائیوروں کو در پیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

ممتاز تجزیہ کاراور سینئر صحافی محمود جان بابر اور چیئرمین آئی آر ایس ڈاکٹر محمد اقبال خلیل نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کو نہ صرف سفارتی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت ہے بلکہ عوامی سطح پر رابطے، تعلیم، علاج اور ثقافت کے شعبوں میں بھی مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات