Live Updates

اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا علما و مشائخ کے ہمراہ غیر معمولی اجلاس ، امن، برداشت اور رواداری کے فروغ پر زور

اشتعال انگیزی، فرقہ واریت، فتنہ و فساد کے خلاف حکومت پنجاب کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے‘علماء

ہفتہ 28 جون 2025 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا ایک غیر معمولی اجلاس محرم الحرام 1447ھ کے سلسلے میں منعقد ہوا جس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما و مشائخ، امن کمیٹی کے ارکان، مذہبی قائدین، کابینہ کے وزرا، سیکرٹری داخلہ، پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد صوبے بھر میں بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، قومی اتحاد اور امن و امان کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی ترتیب دینا تھا۔اجلاس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی آغا حسین قزلباش، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی، علامہ علی حسین اکبر، علامہ طاہر اشرفی، پیر عثمان نوری، علامہ زبیر احمد ظہیر سمیت دیگر مکاتب فکر کے جید علما، امن کمیٹی کے اراکین، اور اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے نمائندے شامل ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین، وزیر قانون صہیب احمد برتھ اور وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے بھی شرکت کی۔تمام علما نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ وہ اشتعال انگیزی، فرقہ واریت، فتنہ و فساد کے خلاف حکومت پنجاب کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔ علما نے محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی، صحت، لنگر، پانی اور صفائی کے انتظامات کو سراہا اور ان اقدامات کو قابلِ تقلید قرار دیا۔

متعدد علما نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سبیلیں لگانے جیسے اقدامات پر ان کی بھرپور تعریف کی۔تمام مکاتب فکر کے علما نے پیغام دیا کہ محرم الحرام کا تقدس تمام مسلمانوں پر فرض ہے اور اس دوران برداشت، اخوت، اور اتحاد کا پیغام عام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا اور نوجوانوں کو شدت پسندی کے بجائے اعتدال پسندی کا بیانیہ دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر فرقہ واریت، نفرت، اور افواہ سازی کی سختی سے مذمت کی گئی اور عوام سے کہا گیا کہ وہ ایسے منفی رجحانات سے ہوشیار رہیں۔ ''پیغامِ پاکستان'' کے بیانیے کو عام کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ قوم میں اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ علما اپنے خطابات اور میڈیا پر گفتگو میں برداشت، رواداری اور محبت کا پیغام دیں تاکہ نوجوان نسل کو ایک مثبت دینی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے پہلی بار محرم کے دوران سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی، نفرت اور افواہوں کی روک تھام کے لیے سائبر پیٹرولنگ اور فوری ریسپانس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ ہر ضلع میں ترجمان مقرر کیے جا چکے ہیں جو فیک نیوز کے خلاف بروقت کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔ فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوں گی، گرفتاریاں اور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ حکومت اور علما کے درمیان مسلسل مشاورت کا عمل جاری رہے گا اور ہر تین ماہ بعد بین المسالک ہم آہنگی پر اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں 50 مزارات کی تزئین و آرائش کے لیے بجٹ میں تین ارب روپے مختص کیے ہیں، جس پر علما نے حکومتی توجہ کو سراہا۔ تمام مذہبی اسکالرز کو ٹی وی چینلز پر مثبت، اعتدال پسند بیانیہ اپنانے کی تجویز دی گئی تاکہ معاشرے میں اشتعال کی بجائے امن اور بھائی چارے کا ماحول فروغ پا سکے۔

اجلاس میں محرم کے بعد بھی انتظامات جاری رکھنے کی حکمت عملی پر بات ہوئی، جس میں جلوسوں کے روٹس کی صفائی، ٹریفک کی بحالی اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ موجودہ عالمی اور ملکی حالات کے تناظر میں دشمن عناصر کی سرگرمیوں کے خدشے کے پیش نظر، عوام اور علما سے اتحاد، برداشت اور ہوشیاری کی اپیل کی گئی۔ سوشل میڈیا پر مذہبی نفرت انگیزی، افواہ سازی اور فتنہ پروری کے خلاف فوری ردعمل کے لیے ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا جا رہا ہے جہاں شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور کابینہ کے دیگر وزرا کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر لمحہ الرٹ رہیں، برداشت کا مظاہرہ کریں، اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ جلوسوں کے راستوں پر پینے کے صاف پانی، سایہ دار مقامات اور طبی امداد کی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔سینئر صوبائی وزیر محترمہ مریم اورنگزیب نے تمام علما و مشائخ کو ایک پیج پر ہونے، حکومت کے ساتھ ان کے مکمل تعاون اور بصیرت افروز تجاویز پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور پوری قوم کی جانب سے دلی شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کا اختتام ملک کی سلامتی، خود مختاری، اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے اجتماعی دعا سے کیا گیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات